سیاست و نواز ہیلتھ کیر سنٹر کے سہ روزہ کیمپ کا اختتام
حیدرآباد۔ 25 فروری (پریس نوٹ) ڈاکٹر غلام حسین بیگ موظف چیف میڈیکل آفیسر یونانی نظامیہ جنرل ہاسپٹل نے کہا کہ یونانی طریقہ علاج میں ہر بیماری کا کامیاب علاج موجود ہے۔ بشرطیکہ اطباء، اپنی تشخیص اور تیاری ادویہ میں مہارت کے ذریعہ معیاری دوائیں تیار کریں۔ ڈاکٹر غلام حسین بیگ نے ادارۂ سیاست اور نواز ہیلتھ کیر سنٹر کی جانب سے سہ روزہ مفت ہیپٹائٹس کیمپ کے اختتاحی اجلاس میں جس کا شعیب نصیرا کامپلیکس روبرو بس اسٹانڈ ٹولی چوکی منعقدہ ہوا، یہ بات کہی۔ ابتداء میں حکیم سید غوث الدین کوآرڈینیٹر کیمپ نے کہا کہ ادارہ سیاست نے یونانی طریقہ علاج کی اہمیت اور افادیت کے پیش نظر مرض ہیپٹاٹس کا سہ روزہ کیمپ کا انعقاد نواز ہیلتھ کیر سنٹر کے تعاون سے کیا جس میں 90 سے زائد مریضوں نے استفادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جگر کی تمام بیماریوں کا علاج صرف یونانی طریقہ علاج میں موجود ہے۔ مریض یرقان، جگر کا بڑھ جانا کے علاوہ بیرونی ملکوں میں ملازمتوں کے لئے جانے والے امیدواروں کی میڈیکل رپورٹ میں اگر ہیپٹاٹس کی علامات پائی جائیں تو ان کا جانا منسوخ کردیا جاتا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر ادارہ سیاست نے ہیپٹاٹس کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا۔ انہوں نے ماہر یونانی فزیشن ڈاکٹر عاصمہ سلطانہ کی طبی خدمات کو خراج تحسین ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے کافی ریسرچ کے بعد ہیپٹاٹس کے لئے دوائیں تیار کی ہیں جو کیمپ میں برائے نام قیمت پر دی جارہی ہیں۔
جناب عابد صدیقی سابق نیوز ایڈیٹر دوردرشن کیندر نے کہا کہ اللہ نے کوئی بیماری ایسی پیدا نہیں کی جس کی دوا نہ ہو۔ انہوں نے سیاست کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ عام آدمی کی زندگی کے مسائل اور تکالیف کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہر سمت میں خدمات انجام دے رہا ہے جس کیلئے جناب زاہد علی خاں ، جناب ظہیرالدین علی خاں اور جناب عامر علی خاں قابل مبارکباد ہیں۔ ڈاکٹر عاصمہ سلطانہ نے کہا کہ وہ یونانی کورس کی تکمیل کے بعد ماہر اطباء حضرات کے پاس تجربہ حاصل کرتے ہوئے نہ صرف ہیپٹاٹس بلکہ انہوں نے زنانہ امراض کی دوائیں بھی تیار کی ہیں اور کئی مراض میں مریضوں کو شفا ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ سیاست کی سرپرستی اور تعاون سے کئی لڑکے اور لڑکیوں نے یونانی کورس کامیاب کیا جس کے لئے تمام اطباء مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرض قطعی طور پر متعدی نہیں ہے۔ ڈاکٹر محمد سہیل نے آخر میں شکریہ ادا کیا۔