حیدرآباد ۔ 13 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : آندھرا پردیش یونانی میڈیکل آفیسرس اسوسی ایشن نے کمشنر آیوش کی طرف سے کئے گئے شفاف کونسلنگ کے بعد کئے گئے حالیہ چند تبادلوں کو منصفانہ قرار دیا ہے اور کسی بھی سطح پر کسی سے ان تبادلوں کے خلاف کوئی شکایت نہیں کی ہے ۔ اسوسی ایشن کے نائب صدر ڈاکٹر ایس محمد حیات ، جنرل سکریٹری ڈاکٹر اے اے خاں اور خازن ڈاکٹر پی محمد حسن احمد نے اپنے ایک مشترکہ صحافتی بیان میں کہا ہے کہ اسوسی ایشن کے علم میں یہ اطلاع آئی ہے کہ حکومت نے تبادلوں کے احکام منسوخ کرتے ہوئے جوں کا توں موقف برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ علاوہ ازیں اے پی ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل نے سرکاری حکمنامہ پر حکم التواء جاری کئے ہیں ۔ چنانچہ اسوسی ایشن اس ضمن میں حکومت سے درخواست کرتی ہے کہ وہ اپنے احکام سے دستبرداری اختیار کرے کیوں کہ کئی متبادلہ میڈیکل افسران نئے تعیناتی پر رجوع بکار ہوچکے ہیں اگر ان کے تبادلے منسوخ کرتے ہوئے پہلے کے مقامات پر دوبارہ تعینات کئے جانے کی صورت میں انہیں سخت دشواریاں درپیش رہیں گی ۔۔