ادارہ سیاست سے تمثیلی امتحان کا انعقاد ، سینکڑوں امیدواروں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : یونانی میڈیسن کے ایم ڈی کورس میں داخلے کے لیے آل انڈیا انٹرنس ٹسٹ 24 جون اتوار کو مقرر ہے ۔ اس میں شریک ہونے والے حیدرآباد اور تلنگانہ کے امیدواروں کے لیے ایک اہم تمثیلی امتحان ( ماڈل ٹسٹ ) کا انعقاد ادارہ سیاست اور یونانی میڈیکل اسوسی ایشن ( اوما ) کے باہمی اشتراک سے آج یہاں گیلاکسی کالج شاہ علی بنڈہ پر عمل میں آیا ۔ اس کے لیے کمپیوٹر پر مبنی ٹسٹ CBT کی مشق کا طریقہ بتایا گیا ۔ یونانی میڈیکل اسوسی ایشن کے عہدیداران ڈاکٹر ایچ شکیپ صدر ، ڈاکٹر رحمن خاں جنرل سکریٹری ، ڈاکٹر بدر الدین ، مسعود وکیل قریشی ، سید خالد محی الدین اسد ، امتحان کے انعقاد میں حصہ لیتے ہوئے امیدواروں کی رہنمائی کی ۔ شہر کے علاوہ اضلاع کے امیدواروں نے بھی شرکت کی ۔ گذشتہ تین سال سے ایم ڈی ( یونانی ) انٹرنس کی کوچنگ کے ساتھ نمونہ سوالات سے واقفیت اور مشق کے لیے تمثیلی امتحانات اور ماڈل ٹسٹ رکھے جارہے ہیں اور اس کے ثمر آور نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ سال حال بھی امیدواروں نے اس سے استفادہ کیا ۔۔