یوم یوگا تقاریب کے لئے وزراء ملک بھر میں پھیل گئے

نئی دہلی /19 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی نئی دہلی میں بین الاقوامی یوم یوگا تقریب کی قیادت کریں گے، جب کہ کئی مرکزی وزیر مختلف ریاستوں کو روانہ ہو گئے ہیں، تاکہ تقاریب کے لئے عوام میں بیداری شعور پیدا کریں۔ وزیر خارجہ سشما سوراج اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرس اور مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ لکھنؤ کی تقاریب میں شرکت کریں گے۔ ایم وینکیا نائیڈو چینائی جائیں گے، جہاں تقریب میں 30 ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے۔ وزیر قانون سدا نند گوڑا ترواننتھا پورم (کیرالا)، وزیر دفاع منوہر پاریکر میرٹھ، وزیر صحت جے پی ندا حیدرآباد، وزیر بہبودی خواتین و اطفال مینکا گاندھی پیلی بھیت، وزیر آیوش شری پدنائک مختلف ریاستوں، وزیر قبائلی امور جوال اورم اڈیشہ، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات راج وردھن راٹھور دہلی اور مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی شملہ میں یوگا تقاریب میں شرکت کریں گی۔ مرکز راج پتھ پر 35 ہزار افراد بشمول سرکاری ملازمین، فوجی، این سی سی کیڈٹس اور غیر ملکی سفیروں کے ساتھ تقریب کا اہتمام کرے گا۔