سری نگر ، یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام)دنیا بھر میں یکم مئی کو منائے جانے والے ‘مزدوروں کے عالمی دن’ کے پیش نظر گرمائی دارالحکومت سری نگر اور پاکستان زیر قبضہ کشمیر کی دارالحکومت مظفرآباد کے درمیان چل رہی ہفتہ وار ‘کاروان امن’بس کو پیر کے روز معطل کیا گیا ۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا ‘ہمیں مظفر آباد سے ایک پیغام موصول ہوا جس میں بتایا گیا کہ وہاں یوم مئی کو مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر عام تعطیل ہوتی ہے اور اس کے پیش نظر کاروان امن بس کو آج معطل کیا جائے ‘۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں طرف کی انتظامیہ نے باہمی اتفاق رائے کے بعد بس سروس کو آج معطل رکھنے کا فیصلہ لیا ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جو مسافر آج اس ہفتہ واری بس سروس کے ذریعے سفر کرنے والے تھے ، کو بس کی معطلی کے فیصلے سے آگاہ کیا گیا ہے ۔