یوم عاشورہ اور گنیش نمرجن کے انتظامات مکمل

جلوس کے گذر گاہوں کی سڑکوں کی مرمت ، کمشنر جی ایچ ایم سی دانا کشور کا سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار کے ہمراہ دورہ
حیدرآباد۔19ستمبر(سیاست نیوز) شہرمیں یوم عاشورہ اور گنیش نمرجن کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور یوم عاشورہ کے موقع پر نکالے جانے والے تاریخی بی بی علم کے جلوس کی گذرگاہوں کو بہتر بنانے کے لئے جی ایچ ایم سی عملہ کو ہدایت دی جا چکی ہے اور یومیہ 600 گڑھوں کو بندکرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر دانا کشور نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ یوم عاشورہ اور گنیش نمرجن جلوس کے انتظامات کے لئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے 15کروڑ کی لاگت سے 80کیلو میٹر طویل سڑکوں کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ان اقدامات کے دوران اہم سڑکوں کی تعمیر کے علاوہ سڑکوں پر موجود گڑھوں کی مرمت کی جا رہی ہے۔ مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں جلوس کی گذرگاہوں کا انہوں نے کمشنر پولیس مسٹر انجنی کمار کے ہمراہ معائنہ کرتے ہوئے عہدیداروں کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں ۔ جلوس گذرنے کے راستوں پر گشتی بیت الخلاء کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی اور پینے کے پانی کی سہولت کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ مسٹر دانا کشور کے ہمراہ اس موقع پر مسٹر این روی کرن‘ جناب ضیاء الدین کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔ مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ بی بی کے علم کی گذرگاہوں پر سڑکوں کی تعمیر اور صفائی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے اور جن سڑکوں پر رکاوٹیں ہیں انہیں ہٹانے کا عمل اب بھی جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ جلوس عاشورہ کے علاوہ شہر میں نکالے جانے والے گنیش وسرجن جلوس کے دوران صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے اور سڑک پر روشنیوں کے انتظامات کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گنیش وسرجن جلوس کی 18کیلو میٹر گذرگاہ پر خصوصی روشنیاں نصب کی گئی ہیں اور سڑکوں کی مرمت کے کام جاری ہیں ۔ بالا پور سے ٹینک بنڈ تک کے جلوس کے لئے گشتی بیت الخلاء ‘ پینے کے پانی کے انتظامات کو ممکن بنایا گیا ہے۔ مسٹر دانا کشور نے ٹینک بنڈ کے علاوہ دیگر مقامات پر گنیش نمرجن کے انتظامات کے سلسلہ میں تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ تا حال 2500 گنیش مورتیوں کا وسرجن عمل میں لایا جا چکا ہے جبکہ آئندہ دنوں میں مزید 10تا12 ہزار گنیش مورتیوں کا وسرجن کئے جانے کا امکان ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ وسرجن کے لئے35 مختلف مقامات پر 117کرین نصب کئے گئے ہیں جبکہ 150موبائیل کرین کو تیار رکھا گیا ہے۔ مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ پہلی مرتبہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے کرین کے انتظامات کئے گئے ہیں اب تک یہ انتظامات محکمہ آبپاشی کی جانب سے کئے جاتے تھے۔گنیش نمرجن کے آخری دن 457 کرین مہیا کروائے جائیں گے۔کمشنر جی ایچ ایم سی نے تمام ماتحتین کو ہدایت دی کہ 24 ستمبر کی شام تک تمام کچرے کی صفائی و نکاسی کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں۔