حیدرآباد۔24جنوری (سیاست نیوز) چیرمن سٹ ون ونیشنل ہاکرس فیڈریشن کے صدر میرعنایت علی باقری نے بتایا کہ یوم جمہوریہ کے موقع پر اس سال چسٹ اسپتال امیر پیٹ تاتاریخی چارمینار قومی یکجہتی ریالی نکالی جائے گی ۔ ٹی آر ایس پارٹی کے بیانر پر ریالی کونیشنل ہاکرس فیڈریشن ‘ اولڈ سٹی ویلفیر فیڈریشن ‘ ایم ایم آر پی ایس‘ تلنگانہ میناریٹی ڈیولپمنٹ فورم‘ تلنگانہ حمال اور ڈرائیورس ورکرس یونین کااشتراک حاصل رہے گا۔ملک میںبڑھتی فرقہ پرستی اور تلنگانہ میںفرقہ پرستوں کی ناپاک سازشوں کو ناکام بنانے ریالی نکالی جارہی ہے ۔ جناب میرعنایت علی باقری نے مزیدکہاکہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں برسراقتدار رہی سابقہ تمام حکومتوں نے اقتدار حاصل کرنے کیلئے فرقہ وارانہ کشیدگی کا سہارا لیامگر تلنگانہ کی موجودہ حکومت بالخصوص چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو نے امن اور یکجہتی کو ہتھیار بناکر تلنگانہ کی قدیم گنگاجمنی تہذیب کو فروغ دیا ہے ۔ 26جنوری کے روز چسٹ اسپتال سے ریالی ٹھیک نو بجے روانہ ہوگی اور تاریخی چارمینار کے دامن میںگیارہ بجے پہنچ کر یہاں پر قومی یکجہتی کو فروغ دینے کیلئے عہد دلایاجائے گا۔