یوم جمہوریہ کی خصوصیت دفاعی اسلحہ کی نمائش دہلی میں سخت حفاظتی انتظامات

نئی دہلی ؍ ممبئی 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) قومی دارالحکومت میں یوم جمہوریہ تقریب کے سلسلہ میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ دہلی پولیس اور نیم فوجی فورسیس کے تقریباً 25 ہزار ارکان تعینات کئے گئے ہیں اور سخت چوکسی اختیار کی گئی ہے تاکہ یوم جمہوریہ تقاریب کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے پاک رہیں۔ زمین اور فضاء میں سخت حفاظتی انتظامات رائے سینا ہلز سے لال قلعہ تک 8 کیلو میٹر طویل یوم جمہوریہ پریڈ کی راہ گزر پر کئے گئے ہیں۔ پریڈ کے دوران نگرانکار اور نشانہ باز بلند عمارتوں پر تعینات کئے گئے ہیں۔ مرکزی نگرانکار نظام قائم کیا گیا ہے جہاں سی سی ٹی وی جھلکیوں کا راست مشاہدہ کیا جائے گا اور اعلیٰ عہدیدار بروقت حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیتے رہیں گے اور صورتحال سے واقفیت حاصل کریں گے۔ پورا علاقہ کئی بار میٹل ڈیٹکٹرس اور کھوجی کتوں کے ذریعہ جانچ لیا گیا ہے۔ بے عیب صیانتی انتظامات کرنے کے لئے ہرممکن اقدام کیا جارہا ہے۔ یوم جمہوریہ پریڈ میں ہندوستان کی طاقت اور تمدن کا تنوع ظاہر کیا جائے گا۔ اِس میں کئی انتہائی اہم شخصیتیں اور غیر ملکی اہم شخصیات شرکت کریں گی۔

مخدوش علاقوں کا جیسے پرہجوم بازار، ریلوے اسٹیشن، بس اسٹانڈس اور دیگر قابل قدر عمارتوں کی شناخت کرلی گئی ہے اور اُن کی حفاظت کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ 1500 ٹریفک پولیس ملازمین پریڈ کی رہگزر پر انتظامات کے لئے تعینات کئے جارہے ہیں۔ عوامی مقامات پر معائنوں، طلایہ گردی اور تلاشیوں میں شدت پیدا کردی گئی ہے۔ تمام میٹرو اسٹیشن 25 جنوری 2 بجے دن سے 26 جنوری 2 بجے دن تک بند رکھے جائیں گے۔ دہلی پولیس کی خصوصی ٹیمیں طیارہ شکن توپوں اور قومی سلامتی محافظین کے نشانہ بازوں کو تعینات کررہی ہے۔ مختلف نیم فوجی تنظیموں اور دہلی پولیس کے کمانڈوز پریڈ کی رہگزر پر گہری نگرانی رکھیں گے۔ کثیر مرحلوں پر مشتمل حفاظتی انتظامات پہلے ہی راج پتھ پر کئے جاچکے ہیں جہاں صدرجمہوریہ پرنب مکرجی ترنگا لہرائیں گے اور پریڈ کی سلامی لیں گے۔ اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر سی آئی ایس ایف کے تعاون سے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔