تقسیم ریاست کے بعد ای ایس ایل نرسمہن کو منفرد اعزاز ۔ ملک کی تاریخ کا پہلا موقع
حیدرآباد۔/30ڈسمبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش ریاست کی تقسیم کے بعد پہلی مرتبہ کسی ایک گورنر کو دو ریاستوں میں یوم جمہوریہ کے موقع پر پرچم کشائی انجام دینی ہوگی۔ ای ایس ایل نرسمہن جو آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے مشترکہ گورنر ہیں‘ انہیں یہ اعزاز حاصل ہورہا ہے۔ ملک کی تاریخ میں شاید یہ پہلا موقع ہے جب کوئی گورنر دو ریاستوں میں قومی تقاریب میں شریک ہوں گے۔ 2جون 2014کو تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ای ایس ایل نرسمہن دونوں ریاستوں کے گورنر کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اس دوران 15اگسٹ کو یوم آزادی کے موقع پر دونوں حکومتوں نے علحدہ مقامات پر تقاریب کا اہتمام کیا تاہم مشترکہ گورنر کی حیثیت سے ای ایس ایل نرسمہن نے راج بھون میں دونوں ریاستوں کیلئے مشترکہ طور پر عصرانہ کا اہتمام کیا تھا۔ چیف منسٹر تلنگانہ چندر شیکھر راؤ نے قلعہ گولکنڈہ میں قومی پرچم لہرایا جبکہ چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو نے وجئے واڑہ میں یوم آزادی تقریب منائی۔ یوم جمہوریہ کے موقع پر چونکہ ریاست کے گورنر پرچم کشائی انجام دیتے ہیں لہذا ای ایس ایل نرسمہن کیلئے بیک وقت دونوں ریاستوں کی تقاریب میں حصہ لینا مشکل تھا لہذا دونوں حکومتوں سے مشاورت کے بعد پروگرام میں قدرے تبدیلی کے ساتھ گورنر کی شرکت کو یقینی بنایا گیاہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت آندھرا پردیش کی یوم جمہوریہ تقریب وجئے واڑہ میں سدھارتھ کالج گراؤنڈ پر منعقد ہوگی جہاں صبح 8بجے گورنر ای ایس ایل نرسمہن پرچم کشائی انجام دیں گے اور خطاب کریں گے۔ وہاں سے وہ حیدرآباد واپس ہوں گے اور 10:30بجے صبح پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد پر تلنگانہ حکومت کی یوم جمہوریہ تقریب میں شریک ہوکر پرچم کشائی انجام دیں گے۔ دونوں ریاستوں نے یوم جمہوریہ تقاریب کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ حکومت نے یوم آزادی تقاریب گولکنڈہ میں منائی تھی جبکہ یوم جمہوریہ تقاریب پریڈ گراؤنڈ پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ گولکنڈہ میں فوجی پریڈ اور دیگر پروگراموں کے انعقاد میں دشواریوں کو دیکھتے ہوئے پریڈ گراؤنڈ پر تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔