یوم جمہوریہ پر نیپال کو ہندوستان کا تحفہ

کٹھمنڈو۔26جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے آج نیپال کی مختلف تنظیموں کو 40 ایمبولنس کاریں اور 8بسیں بطور تحفہ دیں ۔ ہندوستان کے سفیر برائے نیپال رنجیت رائے نے 33ایمبولنس کاروں اور 6 بسوں کی کنجیاں مختلف فلاحی تنظیموں اور اسکولوں کے حوالے کیں ۔ اس سلسلہ میں ہندوستانی سفارت خانہ کے احاطہ میں ایک تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں 2500سے زیادہ افراد بشمول سفارت کار ‘ صحافی ‘ سماجی کارکن ‘ تاجر برادری کے قائدین اور سرکاری ملازمین شامل تھے ۔ سفیر نے 52لائبریریوں ‘ اسکولوں ‘ تربیتی اداروں کو کتابوں کے تحفہ بھی دیئے ۔ بیواؤں اور سابق فوجیوں اور سابق معذور فوجیوں کو نقد انعامات اور بلانکٹس پیش کئے ۔ سفیر رائے نے قومی پرچم لہرانے کے بعد صدر جمہوریہ کا قوم سے خطاب پڑھ کر سنایا اور اپنی تقریر میں کہا کہ ہندوستان عالمی قائد سائنس ‘ ٹکنالوجی ‘ ایجادات کے شعبوں میں بن کر ابھررہاہے ۔