یوم جمہوریہ پریڈ میں نیوکلیئر میزئلز موجود نہیں

نئی دہلی ۔26جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) مسلسل تیسرے سال یوم جمہوریہ پریڈ میں ہندوستان کے نیوکلیئر میزئلز موجود نہیں تھے ۔ 2013ء میں ہندوستان نے بین البراعظمی بالسٹک میزائل اگنی پنجم کا یوم جمہوریہ پریڈ کے موقع پر مظاہرہ کیا تھا ۔ جب کہ شاہ بھوٹان قیصر نامگیال وانگ چک مہمان خصوصی تھے ۔ 2014ء میں جب کہ وزیراعظم جاپان مہمان خصوصی بنیں اور گذشتہ سال جب کہ صدر امریکہ بارک اوباما مہمان خصوصی تھے ۔ ہندوستان کے نیوکلیئر میزائلز کا مظاہرہ نہیں کیا گیا ۔ فضائیہ نے آج لڑاکا طیاروں ‘ فوج نے دبابوں اور بحریہ نے طیارہ بردار بحری جہاز وکرانت کی جھانکی پیش کی ۔
چندی گڑھ سے فرانس کے قریبی تعلق کا اظہار
نئی دہلی۔ 26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) یوم جمہوریہ پریڈ میں ہندوستان کے فرانس سے دیرینہ روابط کو اُجاگر کیا گیا۔ ہندوستان کے خوابوں کے شہر چندی گڑھ کی منصوبہ بندی، مشہور سوئز۔ فرانسیسی آرکیٹیکٹ لی کوبزیر نے کی۔ پریڈ میں چندی گڑھ کی جھانکی کو پیش کیا گیا۔ اسمارٹ اینڈ گرین سٹی پر مبنی اس جھانکی میں مرد و خواتین ایک پارک میں کام کررہے ہیں اور اطراف شاندار عمارتیں ہیں۔ ان کے درمیان لی کوربزیر کا پورٹریٹ رکھا گیا تھا۔ فرانسیسی سفیر متعینہ ہند ایف ویچر نے ٹوئٹ کیا کہ ’’یوم جمہوریہ پریڈ میں چندی گڑھ : خوبصورت شہر صدر فرانس فرینکوئس اولاند نے پہلے دن یہاں کا دورہ کیا‘‘۔یوم جمہوریہ تقریب میں کئی باتیں آج پہلی مرتبہ نظر آئیں ۔ فرانسیسی دستہ نے پریڈ میں شرکت کی ۔