یوم جمہوریہ سے قبل جموں و کشمیر میں سخت سیکیوریٹی

سرینگر۔/24جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) یوم جمہوریہ سے قبل جموں و کشمیر میں سیکیوریٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ وادی کے مشہور و معروف بخشی اسٹیڈیم میں یوم جمہوریہ کی فل ڈریس ریہرسل کا سلسلہ بھی جاری ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس اور نیم فوجی دستوں کی زائد جمعیتوں کو شہر کے تمام حساس مقامات پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی امکانی دہشت گرد حملے کو ناکام بنایا جاسکے اور یوم جمہوریہ تقریبات کا پُرامن طریقہ سے انعقاد کیا جاسکے۔

ریل حادثہ میں معذور طالبہ کو 5لاکھ کی امداد
ممبئی۔/24جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر ریلویز ملکارجن کھرگے نے ممبئی کی ایک 16سالہ طالبہ مونیکا مورے کیلئے 5 لاکھ روپئے کی عبوری امداد منظور کی ہے جو ممبئی کی لوکل ٹرین سے گر کر اپنے دونوں بازوؤں سے محروم ہوگئی۔ کامرس کی طالبہ مونیکا حادثہ کے روز ٹیوشن کلاس میں شرکت کے بعد گھر واپس آرہی تھی لیکن مین لائن کی ٹرین کو گھاٹ کوپر اسٹیشن پر پکڑنے کی کوشش میں مونیکا کا ہاتھ پھسل گیا اور وہ دروازے کے نیچے اور پلیٹ فارم میں موجود خلاء میں گر گئی۔ ہاتھوں کے بل گرنے کی وجہ سے ٹرین اس کے ہاتھوں پر سے گذر گئی۔ ممبئی کی لوکل ٹرینوں میں ایسے حادثات روزانہ کا معمول ہیں۔ مسٹر کھرگے نے مونیکا کو پیش آئے مشکل حالات اور تکالیف کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا۔