یوم تاسیس کے موقع پر سرکاری ملازمین کو راحت متوقع

’ انٹریم ریلیف ‘ کی اجرائی کا امکان ، چیف منسٹر کے قطعی فیصلہ کا انتظار
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ ریاستی سرکاری ملازمین اساتذہ اور پنشنرس کے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی و بالخصوص عبوری راحت (انٹریم ریلیف ) کی اجرائی 2 جون کو ریاست تلنگانہ کے یوم تاسیس کے موقعہ پر فراہم کرنے کا اعلان کئے جانے کی قوی توقع پائی جارہی ہے ۔ جب کہ ریاستی سرکاری ملازمین ، اساتذہ اور ورکرس کے لیے وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوشی کی حد عمر کو 58 سال سے بڑھا کر 60 سال کرنے سے متعلق ماہ جون کے بعد ہی کوئی قطعی فیصلہ کئے جانے کا امکان پایا جاتا ہے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ریاستی سرکاری ملازمین ، اساتذہ اور پنشنرس کو عبوری راحت فراہم کرنے کا حکومت کی جانب سے انتخابی اعلامیہ کی اجرائی سے قبل اعلان کئے جانے کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی گئی اور بتایا گیا کہ عبوری راحت کی سرکاری ملازمین اساتذہ اور ورکرس کو فراہمی سے متعلق رپورٹ حکومت کے ہاں تیار رکھی ہوئی ہے لیکن حکومت کی جانب سے کوئی واضح ہدایات کے بغیر عبوری راحت کی فراہمی ہرگز ممکن نہیں ہے ۔

اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ایک مرتبہ پے ریویژن کمیشن رپورٹ پیش کئے جانے پر حکومت کو پالیسی فیصلہ کرنا پڑتا ہے ۔ لہذا اس بات کی توقع کی جارہی ہے کہ حکومت بالخصوص چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ، ماہ مئی کے آخری ہفتہ میں رپورٹ طلب کر کے 2 جون کو یوم تاسیس ریاست تلنگانہ کے موقعہ پر ریاست کے تمام سرکاری ملازمین ، اساتذہ اور ورکرس کو عبوری راحت فراہم کرنے تحفہ پیش کئے جانے کی قوی امید پائی جاتی ہے ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ریاست کے سرکاری ملازمین اساتذہ اور ورکرس اور پنشنرس فوری طور پر ’ فٹمنٹ ‘ کا مطالبہ کرنے پر حکومت پر بھاری مالی بوجھ عائد نہ ہونے وسائل کی روشنی میں پے رویژن کمیشن سفارشات پر مبنی رپورٹ میں مختلف سلابس تیار کئے جانے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں یوں تو ہمیشہ یہ طریقہ کار پایا جاتا ہے کہ پے ریویژن کمیشن سفارشات پر مبنی پیش کی جانے والی رپورٹ کا مکمل جائزہ لینے کے بعد ہی چیف منسٹر کوئی قطعی فیصلہ کرتے ہیں ۔ اس طرح چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر ہی الیکٹرسٹی ملازمین کو 35 فیصد فٹمنٹ حکومت کی جانب سے فراہم کیا جارہا ہے ۔ مسرس سی آر بسوال صدر نشین پے ریویژن کمیشن کی قیادت میں ارکان پی آر سی مسٹر محمد علی رفعت اور مسٹر اوما مہیشور راؤ پی آر سی سفارشات پیش کرنے کے لیے اپنی رپورٹ کو قطعیت دینے میں مصروف رہنے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں لیکن اسی دوران بتایا جاتا ہے کہ ریاستی سرکاری ملازمین یونینوں کے قائدین نے فی الفور ریاستی سرکاری ملازمین ، اساتذہ ، ورکرس اور پنشنرس کو 43 فیصد عبوری راحت فراہم کرنے اور 63 فیصد فٹمنٹ کے علاوہ سرکاری ملازمین وغیرہ کی اقل ترین تنخواہ 24 ہزار روپئے مقرر کرنے کا پے ریویژن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے ۔ تاہم تلنگانہ ریاستی سرکاری ملازمین اساتذہ اور ورکرس یونین اور تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسرس یونین کے مطالبات کے مطابق موافق رپورٹ نہ رہنے کا قوی امکان پایا جاتا ہے ۔۔