یوم تاسیس تلنگانہ 2جون کے بجائے 16 مئی کرنے کا مطالبہ

حیدرآباد 6 مئی (این ایس ایس) عام انتخابات 2014 ء کے 16 مئی کو آنے والے نتائج کے باعث ریاست کی تقسیم کے پیش نظر دستوری بحران سے گریز کرنے کے لئے ٹی آر ایس نے ہائیکورٹ سے خواہش کی ہے کہ وہ مرکز کو ہدایت دیتے ہوئے نئی ریاست تلنگانہ کے قیام کا دن جو 2 جون کو مقرر کیا گیا ہے، تبدیل کرتے ہوئے 16 مئی کردے۔ سمجھا جاتا ہے کہ ہائیکورٹ نے مرکز کو ہدایت دی ہے کہ وہ تلنگانہ کے یوم تاسیس سے متعلق اپنے فیصلہ پر نظرثانی کرے۔ 2 جون کے بجائے 16 مئی یوم تاسیس مقرر کرنے کی اپیل کرتے ہوئے داخل کردہ درخواست پر سماعت کے بعد آندھراپردیش ہائیکورٹ نے درخواست گذار جگدیشور ریڈی کو ہدایت دی کہ وہ یہ نوٹس مرکز کو بھی روانہ کرے۔ درخواست گذار نے عدالت سے خواہش کی تھی کہ نئی ریاست تلنگانہ کا یوم تاسیس 2 جون کے بجائے 16 مئی کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق عدالت جس نے اس مسئلہ پر غور کرنے مرکز کو ہدایت دی ہے 8 مئی کو دوبارہ درخواست کی سماعت کرے گی۔