یکم جون کو 12بجے شب بڑے پیمانے پر آتشبازی سے آغاز ‘ ادبی و ثقافتی تقاریب بھی پروگرام میں شامل
حیدرآباد۔11 مئی ( پی ٹی آئی) حکومت تلنگانہ نے اس ریاست کی تاسیس کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ہفتہ طویل تہذیبی تقاریب منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال آندھراپردیش کی تقسیم کے ذریعہ 2جون کو ملک کی 29ویں ریاست کا قیام عمل میں لایا گیا تھا ۔ سرکاری عہدیداروں نے آج یہاں کہا کہ ملک کی 29ویں ریاست کے پہلے سالانہ یوم تاسیس تقاریب کا یکم جون سے آغاز ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ ریاست تلنگانہ کے قیام کیلئے جدوجہد اور قربانیوں کی یاد میں ریاستی حکومت تمام اضلاع ‘ بلدیات اور میونسپل کارپوریشنس میں ادب سے لیکر موسیقی تک مختلف شعبوں کا احاطہ کرتے ہوئے ہفتہ طویل تقاریب منعقد کرے گی ‘‘ ۔ انہوں نے مزید کہا کہ’’ تقاریب کے علاوہ تلنگانہ کے جذبہ کو روشناس کرنے تحریک تلنگانہ میں غیر معمولی جذبہ کے ساتھ حصہ لینے والوں اور تحریک میں کلیدی رول ادا کرنے والے مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کو اعزازات دیئے جائیں گے ۔ یکم جون سے تقاریب کا آغاز ہوگا اور ٹھیک 12بجے شب آتشبازی کا آغاز ہوگا جس کے ذریعہ ریاست تلنگانہ کے آسمان کو منور کردیا جائے گا ۔ایک ہفتہ طویل تقاریب کے دوران شہر حیدرآباد میں مقامی فنکار تہذیبی پروگرام پیش کریں گے ۔ تمام سرکاری عمارتوں پر قومی ترنگا لہرا یا جائے گا ۔ پولیس ‘ این سی سی ‘ اسکاٹ اینڈ گائیڈس ٹیموں کی پریڈ ہوگی ۔ مختلف مقامات پر خصوصی پروگرامس منعقد کئے جائیں گے جس میں مقامی شعراء اور فنکار حصہ لیں گے ۔ علاوہ ازیں کئی ادبی و تہذیبی محفلیں منعقد ہوںگی ۔ پرنسپال سکریٹری محکمہ تہذیب و سیاحت پی بی آچاریہ نے کہا کہ ’’ تلنگانہ کی داستان ایک مثالی علامت ہے جس میں جرت و شجاعت کو کلیدی اہمیت حاصل ہے ۔ ( اس ریات کے ) پہلے سالانہ یوم تاسیس کے موقع پر ہم سات روزہ جشن کی تیاری کرچکے ہیں ۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ تقاریب عوام میں اس متحرک و پُرجوش ریاست کی ناقابل فراموش یادیں تازہ کریں گی اور عوام کو محتلف پروگراموں سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم ہوگا ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ ادب و ثقافت کے شعبہ میں ماہرین کو اعزازات اور نقد انعامات دیئے جائیں گے ‘‘ ۔ حکومت نے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جو مختلف شعبوں میں بہترین خدمات انجام دینے والی 50شخصیات کا ریاستی سطح کے ایوارڈس کیلئے انتخاب کرے گی ۔