حیدرآباد ۔ 2 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے پہلے یوم تاسیس اور حکومت تلنگانہ کے ایک سال کی تکمیل کے پر مسرت موقع پر منائے جانے والے ’ جشن تلنگانہ ‘ پروگرام کے ایک حصہ کے طور پر ریاستی محکمہ اقلیتی بہبود حکومت تلنگانہ کے زیر اہتمام ’ جشن حیدرآباد ‘ پروگرام منعقد کیا جارہا ہے ۔ اس پانچ روزہ پروگرام کے دوران شاعر غزل ، محفل قوالی ، تمثیلی مشاعرہ ( موضوع غزل کا سفر ) کل ہند مشاعرہ ، مزاحیہ پروگرام ، دو روزہ قومی اردو سمینار ( منظر پس منظر ) ، شب غزل اور کل ہند مزاحیہ مشاعرہ منعقد کیا جائے گا اور یہ تمام پروگرامس پرانے شہر حیدرآباد میں ہی منعقد کئے جائیں گے ۔ سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی ڈاکٹر ایس اے شکور نے یہ بات بتائی اور کہا کہ 3 جون کو 8-30 بجے شب تا رات دیر گئے قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں ’ شام غزل ’ پروگرام منعقد ہوگا ۔ جس میں قومی سطح کے غزل گلوکار محمد وکیل ( ممبئی ) اور غزل گلوکارہ اندرا نائیک ( ممبئی ) کے علاوہ حیدرآبادی غزل گلوکار پنڈت وٹھل راؤ ، دیوی رمنا مورتی ، خان اطہر ، رکن الدین اور جسبیر کور حصہ لیں گی ۔ جناب اسلم فرشوری نظامت کے فرائض انجام دیں گے ۔ اس کے علاوہ 3 جون کو ہی 8-30 بجے شب تا رات دیر گئے تک خلوت میدان پر ’ محفل قوالی ‘ پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ اس محفل قوالی میں ناگپور ( مہاراشٹرا ) کے مشہور قوال چھوٹا جانی بابو ، حیدرآباد کے نامور قوال محمد محبوب بندہ نواز حیدرآباد اور عتیق حسین خان بندہ نوازی ( حیدرآباد ) حصہ لیں گے ۔ ڈاکٹر شکور نے مزید بتایا کہ یہ تمام پروگرامس ڈپٹی چیف منسٹر امور ریونیو حکومت تلنگانہ جناب محمد محمود علی ، اسپیشل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود جناب سید عمر جلیل اور ریاستی ڈائرکٹر محکمہ اقلیتی بہبود جناب محمد جلال الدین اکبر کی خصوصی دلچسپی و راست نگرانی میں منعقد کئے جارہے ہیں علاوہ ازیں مزید بتایا کہ 3 جون کو 8-30 بجے شب تا ساڑھے دس بجے شب اردو مسکن آڈیٹوریم ( خلوت روڈ ) میں ’ تمثیلی مشاعرہ ‘ ( ٹائیٹل غزل کا سفر ) منعقد ہوگا ۔ اس تمثیلی مشاعرہ میں حیدرآباد کے نامور فنکار ڈاکٹر حمیرہ سعید ، محترمہ شاہانہ مریم ، ڈاکٹر م ق سلیم ، ڈاکٹر معین امر بمبو ، وحید پاشاہ قادری ، ابراہیم ایاز ، اطیب اعجاز ، شیخ اقبال ، سید عارف ، عظیم اقبال ، محمد نیر اعظم ، ڈاکٹر شیخ سلیم ، مرزا نعمت اللہ بیگ ، محترمہ سویتا سونی ، مرزا احمد بیگ ، محبوب خاں اصغر ، ممتاز سلطانہ ، لطیف الدین لطیف ، احمد فصیح الدین فکر نلگنڈوی ، محترمہ رحیل فاطمہ ، محمد زاہد الدین ، محمد جاوید اور محمد اظہر الدین حصہ لیں گے ۔ جب کہ ڈاکٹر جاوید کمال اس تمثیلی مشاعرہ کی نظامت کے فرائض انجام دیں گے ۔۔