حیدرآباد۔/31مئی، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے پہلے یوم تاسیس کے موقع پر حکومت تلنگانہ نے عظیم الشان پیمانہ پر دیہی سطح تا ریاستی سطح پر ’’ جشن تلنگانہ ‘‘ کے ساتھ ساتھ ’’ جشن اردو ‘‘ پروگرام منانے کا فیصلہ کیا ہے اور بالخصوص حکومت تلنگانہ کا بھی ایک سال مکمل ہونے کی مسرت میں دونوں پروگرامس جشن تلنگانہ اور جشن اردو کو بڑے پیمانے پر اور دھوم دھام سے منانے کیلئے وسیع تر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ پہلے یوم تاسیس تلنگانہ کے سلسلہ میں منائے جانے والے جشن تلنگانہ کے ایک حصہ کے طور پر ’ جشن اردو ‘ کے سلسلہ میں منعقد کئے جانے والے پروگراموں کا ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے آج اپنی رہائش گاہ پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انکشاف کیا اور بتایاکہ 3جون کو قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں 8بجے شب تا 11:30 بجے شب تک غزل پروگرام پیش کیا جائے گا جس میں قومی و بین الاقوامی سطح کے نامور گلوکار حصہ لیں گے۔ اسی طرح بعد نماز مغرب تا قبل از نماز عشاء چارمینار کے پاس واقع چار کمان پر شہنائی اور نوبت بٹھائی جائے گی اور خلوت میدان پر8 بجے شب تا 11:30 بجے شب تک قوالی پروگرام منظم کیا جائے گا۔ قومی سطح کے قوال اپنا کلام سنائیں گے۔ علاوہ ازیں خلوت روڈ پر واقع ’ اردو مسکن‘ آڈیٹوریم میں 4بجے شام تا 11:30 بجے شب تک ’’ داستان دکن‘‘ ( تمثیلی مشاعرہ ) پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 3جون کی شب پیپلز پلازا کے پاس سکھ برادری کی جانب سے تہذیبی پروگرامس منعقد کئے جائیں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ 4جون کو قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں 8بجے شب تا ساڑھے گیارہ بجے شب تک آل انڈیا مشاعرہ منعقد کیا جائے گا۔ اس مشاعرہ میں ملک کے مختلف گوشوں سے قومی و بین الاقوامی شہرت کے حامل شعراء شرکت کریں گے۔ اور بعد نماز مغرب تا قبل از نماز عشاء چار کمان ( روبرو چارمینار ) پر شہنائی اور نوبت بجائی جائے گی۔ خلوت میدان کے پاس مقامی آرٹسٹوں کا کامیڈی پروگرام 8بجے شب تا 11بجے شب تک منعقد ہوگا اور 4جون کو صبح ساڑھے دس بجے تا 5بجے شام اردو مسکن آڈیٹوریم میں تلنگانہ میں اردو کے موضوع پر سمینار منعقد ہوگا۔ اسی طرح 5جون کو چارمینار کے پاس ممتاز غزل گلوکار غلام علی کا غزل پروگرام ہوگا اور اردو مسکن میں تلنگانہ میں اردو کے موضوع پر منعقد ہونے والا سمینار جاری رہے گا۔ جناب محمد محمود علی نے کہا کہ 6جون کو 8بجے شب تا ساڑھے گیارہ بجے شب تک قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں آل انڈیا مزاحیہ مشاعرہ کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ اس مشاعرہ میں قومی و بین الاقوامی سطح کے مزاحیہ شعراء شرکت کریں گے جبکہ خلوت میدان میں 8بجے شب تا 11بجے شب تک لائیٹ میوزک پروگرام منعقد کرنے کے علاوہ ویسلی ڈگری کالج گراؤنڈ پر عیسائی طبقہ کی جانب سے تہذیبی پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ اس موقع پر مسرس سید عمر جلیل اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود، محمد جلال الدین اکبر ڈائرکٹر محکمہ اقلیتی بہبود اور ڈاکٹر ایس اے شکور سکریٹری و ڈائرکٹر تلنگانہ اردو اکیڈیمی بھی موجود تھے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ ملک میں نئی تشکیل پانے والی تمام ریاستوں کے مقابلہ میں صرف ایک سال میں زبردست ترقی پانے والی واحد ریاست تلنگانہ ریاست ثابت ہوئی جبکہ تلنگانہ کی تشکیل کے معاملہ میں ہر کسی کو کئی ایک شکوک و شبہات بالخصوص ریاست تلنگانہ کے تاریکی میں ڈوب جانے اور امن و ضبط کے مسائل پیدا ہونے کے شکوک و شبہات کا اظہار کیا گیا تھا۔ لیکن آج چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں یہ تمام شکوک و شبہات بالکلیہ طور پر نہ صرف غلط ثابت ہوئے بلکہ ان تمام قائدین و افراد کے منہ پر طمانچہ کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں عوام کو فوڈ سیکوریٹی کارڈ کے طور پر ہر فرد کو 6کلو چاول، معمر افراد کو وظائف کی رقم میں اضافہ بھی کیا گیا اور بالخصوص اقلیتی طبقہ کی لڑکیوں کی شادی کے مسئلہ کو آسان بنانے کیلئے شادی مبارک اسکیم کو متعارف کرکے 51ہزار روپئے کی مالی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ جناب محمد محمود علی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کو چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ بنانے کیلئے کوشاں ہیں اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ عوام بالخصوص شہر حیدرآباد کے عوام بشمول مسلم بھائیوں وغیرہ سے تلنگانہ حکومت کے منظم کئے جانے والے پروگراموں کو کامیاب بنانے کی پرزور اپیل کی۔