یوم تاسیس تلنگانہ تقریب ، باغ عامہ میں انتظامات کی ہدایت

شدید گرمی کے باعث اسکول طلباء کو مدعو نہ کرنے پر غور ، چیف منسٹر کا عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔17مئی (سیاست نیوز) یوم تاسیس تلنگانہ تقریب کا انعقاد باغ عامہ میں جوبلی ہال کے سامنے کیا جائے گا۔چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے پرگتی بھون میں طلب کئے گئے اعلی سطحی اجلاس کے دوران کمشنر حیدرآباد مسٹر انجنی کمار کی جانب سے پیش کی گئی تجویز کو تمام شرکاء کی تائید حاصل ہونے کے بعد چیف منسٹر نے چیف سیکریٹری مسٹر ایس کے جوشی کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کا جائزہ لیں کہ 2جون کو منعقد ہونے والی یوم تاسیس تقریب کے انعقاد کے سلسلہ میںکیا اقدامات کئے جانے چاہئے ۔ چیف منسٹر کے جائزہ اجلاس میں ریاستی حکومت کے سرکردہ عہدیدار اور منتخبہ عوامی نمائندے موجود تھے۔ اجلاس کے دوران 2جون کو سخت گرمی اور دھوپ کے علاوہ اسکولوں کو تعطیلات کے باوجود انہیں یوم تاسیس تقریب میں شرکت کیلئے طلب کئے جانے کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ یوم تاسیس تقریب میں اسکولی طلبہ کو مدعو نہ کیا جائے اور پریڈ میں شامل نہ رکھا جائے کیونکہ سابق میں ایسے واقعات پیش آچکے ہیں جس میں طلبہ سخت گرمی کے سبب بیمار ہوئے تھے ۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اجلاس کے دوران ہدایت دی کہ گرمی کے سبب یوم تاسیس تقریب کے پروگرام کو صبح 9:00 سے 10:30 بجے تک محدود کیا جائے اور اس دوران پرچم کشائی اور چیف منسٹر کی تقریر کے علاوہ ایوارڈ کی پیشکشی پر اکتفاء کیا جائے ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ یوم آزادی اور یوم جمہوریہ تقاریب کے انعقاد کے روایتی طریقہ کار کو بھی تبدیل کرنے کے سلسلہ میں اپنی تجاویز پیش کریں تاکہ روایتی طریقہ کارمیں تبدیلی لائی جاسکے۔ جائزہ اجلاس کے دوران چیف منسٹر نے یوم جمہوریہ ‘ یوم آزادی اور یوم تاسیس تلنگانہ کی تقاریب کو مزید بہتر انداز میں منعقد کرنے اور ان تقاریب کے انعقاد کے سبب عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا شکار نہ ہونا پڑے ایسے اقدامات کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ میں یوم تاسیس تقاریب کے انعقاد سے کئی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا رہا ہے اسی لئے متبادل مقام کے متعلق غور کیا جانا چاہئے ۔

چیف منسٹر کی جانب سے متبادل مقام کے تذکرہ پر کمشنر پولیس مسٹر انجنی کمار نے باغ عامہ کے سبزہ زار پر یوم تاسیس تقریب کے انعقاد کی تجویز پیش کی جس پر سب نے اتفاق کیا ۔ چیف منسٹر نے چیف سیکریٹری کو ہدایت دی کہ وہ باغ عامہ میں یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر معیاری اور اعلی شامیانے نصب کرنے کے اقدامات کریں تاکہ تقریب کا معیار برقرار رہے۔یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر پر چم کشائی ‘ چیف منسٹر کے خطاب کے بعد چیف سیکریٹری کی جانب سے جوبلی ہال میں ایٹ ہوم رکھا جائے گا اور بعد ازاں تاسیس تلنگانہ کے عنوان پر مشاعرہ منعقد کیا جائے گا۔چیف منسٹر نے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ یوم تاسیس کی تقریب میں تمام آئی اے ایس ‘ آئی پی ایس عہدیداروں کے علاوہ سرکردہ شخصیات کو مدعو کیا جائے ۔ علاوہ ازیں عوامی منتخبہ نمائندوں کی شرکت اور مختلف کارپوریشنوں کے صدورنشین و ارکان کو بھی مدعو کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔اس اعلی سطحی اجلاس میں مسٹر ایس کے جوشی‘ مسٹر راجیو شرما‘ مسٹر انوراگ شرما‘ مسٹر ایم مہیندر ریڈی ‘ مسٹر بی ونود کمار‘ مسٹر کملاکر‘ مسٹر مسٹر نرسنگ راؤ‘ مسٹر اروند کمار’ ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی‘ مسٹر بھوپال ریڈی ‘ مسٹر دانا کشور کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔