حیدرآباد۔/30 مئی، ( سیاست نیوز) یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے مختلف پروگراموں کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ اس سلسلہ میں سکریٹری اقلیتی بہبود نے کمیٹی تشکیل دی ہے۔ رمضان المبارک کے پیش نظر مسلم اقلیت کیلئے یوم تاسیس کے پروگرام نہیں ہوں گے جبکہ عیسائی، سکھ اور پارسی طبقات کیلئے 2 جون کو مختلف کلچرل پروگرام ترتیب دیئے گئے ہیں۔ ہری ہرا کلا بھون میں شام 7 تا9 بجے پارسی طبقہ کیلئے کلچرل پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ ویزلی کالج گراؤنڈ میں عیسائی اور سکھ طبقات کیلئے دو، دو پروگرام تیار کئے گئے ہیں۔ شام 7:30 بجے سکھ طبقہ کے افراد بھانگڑا اور مارشل آرٹ کا مظاہرہ پیش کریں گے۔ 8 بجے شب کرسچین طبقہ کے انڈین اوشین بیانڈ کا مظاہرہ ہوگا۔ 9 بجے میوزیکل پروگرام کرسچین طبقات کی جانب سے منعقد کیا جائے گا۔ 10 بجے شب پنجابی گیت کی محفل ہوگی جس میں مشہور پنجابی گلوکار دلیر مہدی کے فرزند گردیپ مہدی اپنے فن کا مظاہرہ پیش کریں گے۔ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے پروگراموں کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔