نئی دہلی 4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج ٹوئٹر پر بحریہ کے ارکان عملہ کو 43 ویں یوم بحریہ کے موقع پر سلام پیش کیا۔ اُنھوں نے ٹوئٹر پر تحریر کیاکہ یوم بحریہ کے موقع پر وہ بحریہ کے عملہ کو سلام کرتے ہیں۔ اِن کا جذبہ ناقابل شکست ہے اور وہ مادر وطن کا تحفظ کرنے سے وابستگی رکھتے ہیں۔ اُنھوں نے بحریہ کی غیرمتزلزل وابستگی اور جرأت کی بھی ستائش کی اور کہاکہ یہ قوم کے لئے ایک بے مثال اثاثہ ہے۔ قبل ازیں سربراہ بحریہ اڈمیرل رابن کے دھون نے کہاکہ بحریہ کے ارکان عملہ کو قوم کی خدمت کے لئے وقف کردینا چاہئے۔ وہ سربراہ فضائیہ ایر چیف مارشل اروپ راہا اور سربراہ فوج لیفٹننٹ جنرل دلبیر سنگھ سوہاگ کے ساتھ امر جوان جیوتی نئی دہلی پر بحریہ کے جہاز آئی این ایس سدھو رکھشک کو حادثہ میں ہلاک ہونے والے بحریہ کے عملہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے بھی گئے تھے۔