موہن بھگوات کے ریمارک پر مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ ، صدر ایم بی ٹی مجید اللہ خاں فرحت کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔4ڈسمبر(سیاست نیوز) صدر مجلس بچائو تحریک جناب مجید اللہ خان نے فرحت نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھگوات کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکومت ہند سے مطالبہ کیا۔ آج یہا ں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ بابری مسجد کا مقدمہ عدالت میں زیردوراں ہونے کے باوجود موہن بھگوات نے رام مندر کی تعمیر کے لئے وقت مقرر کردیا۔ انہوں نے کہاکہ موہن بھگوات ہویا پھر وزیر اعظم نریندر مودی کوئی بھی اس ملک کے دستور او رقانون سے بالاتر نہیں ہے اور کسی کو بھی اس بات کا اختیار حاصل نہیں ہے کہ وہ عدالتی فیصلے کے بغیرہی کوئی اعلان کرے۔ بھگوات کا یہ بیان ملک سے غداری کے مترداف ہے جس پر سیڈیشن کے تحت آر ایس ایس سربراہ پر مقدمہ چلایاجانا چاہئے۔جناب مجید اللہ خان فرحت نے کہاکہ بابری مسجد کی شہادت کا دن نہ صرف مسلمانوں کے لئے بلکہ سکیولر ذہن کے حامل تمام ہندوستانیوںکے لئے یوم سیاہ اور ہر سال کی طرح اس سال بھی مجلس بچائو تحریک 6ڈسمبر کو تمام سکیولر ذہن کے حامل بردران وطن سے بھی اپیل کرتی ہے کہ وہ مسلمانوں کے اس غم میںشامل ہوکر جمہوریت پر لگائے گئے بدنما داغ کے خلاف اپنا احتجاج کریں۔ انہو ںنے کہاکہ جمہوری ہندوستان میں آستھا کی بنیاد پر فیصلے لئے جارہے ہیں جو قابل افسوس ہے ، مجلس بچائو تحریک کو کسی کی آستھا سے کوئی اعتراض نہیں ہے مگر ہمارا مطالبہ ہے کہ قانون اور دستور ہند کی روشنی میںفیصلہ لیاجائے ۔بابری مسجد ایودھیا کے اسی مقام پر تعمیر ہوگی کیونکہ ایک بار جب اللہ کا گھر کہیں تعمیرہوجاتا ہے تو صبح قیامت تک اسی مقام پر قائم رہتا ہے ۔ اس میںذرا سی بھی تبدیلی کوئی گنجائش نہیںہے۔ ترجمان مجلس بچائو تحریک امجد اللہ خان نے کہاکہ جسٹس لبرہن نے حالیہ دنوں میںایک بیان دیتے ہوئے کہاہے کہ بابر ی مسجد مقدمے میںمسجد کو شہید کرنے سے متعلق منظم سازش پر پہلے مقدمہ کی سنوائی کی جائے اور اس کا فیصلہ آنے کے بعد ٹائٹل سوٹ پر سنوائی کی جانی چاہئے۔امجد اللہ خان نے کہاکہ تحریک بھی اس بات کی حمایت کرتی ہے اور سپریم کورٹ کو چاہئے کہ وہ پہلے مسجد شہید کرنے کی سازش کی سنوائی کرے۔ انہوں نے اترپردیش شیعہ وقف بورڈ چیرمن کے دعوئوںکو مضحکہ خیز قراردیا او رکہاکہ ایودھیا میں مسجد کے مقام پر کسی بھی مندر کی تعمیر کو منظوری دینے کا حق اترپردیش شیعہ وقف بورڈ کو حاصل نہیں ہے یہ کام عدالت کا ہے جہاں پر مقدمہ کی سنوائی کل سے شرو ع ہونے والی ہے ۔خالد خان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 6ڈسمبر کو پرامن اور جمہوری طریقے سے احتجاج کریںاور سیاہ پٹیاں باندھیں۔ انہو ںنے مزید کہاکہ اس دن تحریک کے قائدین گورنر تلنگانہ او رآندھرا سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں بابری مسجد کی دوبارہ اسی مقام پر تعمیر کے مطالبے پر مشتمل ایک یادواشت پیش کرے گی۔ جنرل سکریٹری ایم بی ٹی مصطفیٰ محمود‘ اجم الدین فاروقی‘ سکندر مرزا او رالطاف نصیب خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔