ٹی جے ایس کی یوم انضمام تقریب ، پروفیسر کودنڈا رام کا خطاب
حیدرآباد۔17ستمبر( سیاست نیوز) تلنگانہ جناسمیتی ( ٹی جے ایس) کے سربراہ پروفیسر کودنڈا رام نے کہاکہ ریاست حیدرآباد کے انڈین یونین میںانضما م کے دن کوبطور جشن منانے کا کوئی جواز نہیںہے۔ انضمام سے قبل یہ ایک خود مختار مملکت تھی ۔ جس کے خلاف جمہوریت کے قیام کے لئے جدوجہد کی گئی ہے اور اس میںتمام مذاہب او رطبقات کے افراد نے حصہ لیاتھا۔ انہوں نے 17ستمبر کو پیش آئے واقعہ کو جشن کے طور پر منانے کوغلط قراردیتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ تحریک کی شروعات سے ہی ہم ریاست حیدرآباد کے انڈین یونین میںشمولیت کے دن کو جشن کے طور پر منانے کے خلاف ہیں۔وہ آج یہاں ’ یوم انضمام ‘ تقریب کے موقع پر ٹی جے ایس کی جانب سے منعقدہ قومی پرچم کشائی تقریب سے مخاطب تھے ۔ پروفیسر کودنڈا رام نے کہاکہ جمہوریت کے نفاذ کے لئے کی گئی کوشش آج بھی ناکام ہوتی دیکھائی دے رہی ہے۔ پچھلے ستر سالو ں میںتلنگانہ اور یہاں کی عوام کے ساتھ جو ناانصافیا ں کی گئی اس کی کئی مثالیںپچھلے چار سالوں میںبھی ہمیں دیکھنے کوملی ہیں۔انہو ںنے کہاکہ جمہوریت نافذ کرنے کے لئے جوجدوجہد ستر سال پہلے شروع کی گئی تھی اس کاسلسلہ اب بھی جاری ہے ۔ انڈین یونین میں انضمام کے بعد غیرعلاقائی حکمرانوں نے اپنے وسائل کو تباہ کیااور علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد تلنگانہ کا دم بھرنے والے لوگ اپنے ذاتی مفادات کی تکمیل اورخاندان کی اجارہ داری کو قائم رکھنے کے لئے تلنگانہ کے وسائل کااستحصال کرتے ہوئے‘ تلنگانہ کی عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ کودنڈا رام نے کہاکہ تلنگانہ کی عوام کے خون میںانقلاب ہے اور وہ بہت دور نہیںجب تلنگانہ کی عوام سرمایہ داروں کی حمایت کرنے والے سیاسی قائدین کو سبق سیکھائے گی۔انہوں نے کہاکہ مجوزہ الیکشن میں پھر ایک مرتبہ تلنگانہ کی عوام اپنی طاقت اور حوصلہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تلنگانہ کی عوام کے ساتھ دھوکہ دھڑی کرنے والوں کوضرور سبق سیکھائے گی۔ انہو ںنے کہاکہ تلنگانہ جنا سمیتی کے قائدین کا ہمیشہ یہی خیال رہا ہے کہ جو طاقتیں انڈین یونین میںریاست حیدرآباد کے انضمام کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیںانہیں کس طرح ناکام بنایاجائے۔انہوں نے کہاکہ پچھلے کئی سالوں سے ہم 17ستمبر کے روز یوم انضمام کے طور پر تقریب منعقد کرتے آرہے ہیںاور مستقبل میںبھی تلنگانہ جنا سمیتی کایہی موقف رہے گا۔مسٹر وینکٹ ریڈی او ردیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔