یوم اساتذہ کے موقع پرتلنگانہ کے گورنر اوروزیراعلی کی مبارکباد

حیدرآباد 5ستمبر (سیاست نیوز) یوم اساتذہ کے موقع پر دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے مشترکہ گورنر ای ایس ایل نرسمہن ، تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے طلبہ اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی ہے ۔گورنر نے اپنے پیام میں کہاکہ سماج کی تعمیر میں اساتذہ کارول کافی زیادہ ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سروے پلی رادھا کرشنن ایک بہتر استاد تھے ، ملک کی تعلیم کے نظام میں تبدیلی لانے کیلئے ان کی مساعی قابل ستائش رہی ہے ۔ان کی خواہشات کے مطابق ملک کی تعمیرہونی چاہئے ۔گورنر نے ملک کی ترقی میں اساتذہ کی شراکت داری کی اپیل کی۔وزیراعلی نے اپنے پیام میں ملک کے تعلیمی نظام میں تبدیلی لانے کیلئے سابق صدر جمہوریہ سروے پلی رادھا کرشنن کی مساعی کویاد کیا۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کی زندگی میں اساتذہ کا رول کافی اہمیت کا حامل ہوتا ہے ۔طلبہ کی صلاحیت کو پہچان کر ان کی حوصلہ افزائی کرنے میں اساتذہ کلیدی رول ادا کرتے ہیں۔تلنگانہ کے نائب وزیراعلی کڈیم سری ہری نے بھی مبارکباد دی ۔ کڈیم سری ہری نے اپنے پیام میں کہاکہ ریاست کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کی قیادت میں تعلیم کے شعبہ کو مستحکم بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے کے جی تا پی جی مفت تعلیم دی جائے گی ۔