یوم آزادی ہند کے موقع پر صدر دفتر تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی پر رسم پرچم کشائی

پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر / سکریٹری نے پرچم کشائی انجام دی اور تقریب سے خطاب کیا
حیدرآباد ۔ /15 اگست (پریس نوٹ) یوم آزادی ہند کے موقع پر حج ہاؤز ، نامپلی ، حیدرآباد میں واقع تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کے دفتر پر پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر / سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی نے پرچم کشائی انجام دی ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجاہدین آزادی نے کافی جدوجہد کے بعداس ملک کو انگریزوں کے چنگل سے آزادی دلائی ۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کی آزادی کیلئے ہمارے بزرگوں نے اپنا خون دیا ، ہزاروں کی تعداد میں ہمارے مجاہدین نے بلالحاظ مذہب و ملت اپنی جانوں کا نذرانہ دیا اور اس وطن کو آزادی دلائی ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے اپنی تقریر میں کہا کہ اس ملک کی آزادی کے ساتھ ہی یہاں بسنے والی ہر قوم ، ہر طبقہ اور ہر مذہب کے ماننے والوں کو اپنے طور طریقوں کو اپنانے اور اپنی تہذیب ، تمدن اور زبان کی حفاظت کرنے کی بھی آزادی دی گئی ۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے اسلاف ، قائدین ، اور عوام کی ان قربانیوں کو یاد کریں اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، یکجہتی کے جذبوں کے ساتھ اپنے ملک ، ریاست اور قوم کی ترقی کی کوششوں کو مزید تیز کریں ۔ انہوں نے عوام الناس سے خاص طور پر محبان اردو سے خواہش کی کہ اپنی نئی نسل کو دوسری زبانوں کے ساتھ مادری زبان اردو بھی پڑھائیں ۔ تقریب پرچم کشائی میں عہدیداروں و اراکین عملہ اردو اکیڈیمی شیخ جعفر ، وی کرشنا ، عطا اللہ خان ، شیخ اسمعیل ، ڈاکٹر احتشام الدین خرم ، محمد ارشد مبین زبیری ، وجاہت النساء ، محمد عبدالرحیم ، احمد بن اسحاق ، محمد جنید اللہ بیگ ، رجب علی پاشاہ ، اطہر خان ، انور خان ، محمد اسمعیل جاوید ، عبدالذاکر ، محمد رفیع ، یوسف خان ، اختر حسین ، شیخ احمد ،ذاکر حسین ، فضل الرحمن ، محمد ابراہیم ، حیدر علی پاشاہ و دیگر اراکان عملہ موجود تھے ۔