غیر حاضری کو سنگین تصور کیا جائے گا، مرکزی حکومت کا انتباہ
نئی دہلی ۔ 5 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) لال قلعہ پر یوم آزادی کی تقاریب میں تمام سرکاری عہدیداروں کو مدعو کیا گیا ہے جہاں سے وزیراعظم نریندر مودی قوم سے خطاب کریں گے ۔ تقریب میں غیرحاضر عہدیداروںکے خلاف سخت کارروائی کی جاسکتی ہے۔ حکومت نے آج یہ اطلاع دی ہے اور بتایا کہ لال قلعہ پر ہر سال 15 اگست کو یوم آزادی پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی ہے جو کہ تاریخی اہمہت کی حامل قومی تقریب تصور کی جاتی ہے اور تقریب میں مدعو تمام سرکاری عہدیداروں کی شرکت لازمی ہے۔ معتمد کابینہ پردیپ کمار سنہا نے ایک مراسلہ میں مرکزی حکومت کے تمام سکریٹریز کو یہ ہدایت جاری کی ہے۔ انہوں نے یہ نشاندہی کی کہ یوم آزادی کی تقاریب میں سرکاری عہدیداروں کی شرکت بہت ہی کم رہتی ہے جو کہ کسی بھی عذر سے قبول نہیں کیا جاسکتا۔ چونکہ یہ ایک قومی تقریب ہوتی ہے اور اعلیٰ عہدیداروں کا یہ فریضہ ہے کہ اس تقریب میں شرکت کو یقینی بنائیں۔ مرکزی وزارت کے سکریٹریز سے کہا گیا کہ وہ اپنے ماتحت عہدیداروں کو شرکت کی ہدایت دی اور انہیں خبردار کریں کہ ان کی غیر حاضری کو سنگین تصور کیا جائے گا۔ معتمد کابینہ کی ہدایت کے بعد بعض وزراء نے اپنے اپنے عہدیداروں کو یوم جمہوریہ تقریب میں شرکت کیلئے مہم شروع کردی ہے۔