یوسین بولٹ کو کوچ نے بیف کھانے کا مشورہ دیا تھا

اتھیلیٹ نے 9 گولڈ میڈلس جیتے ‘ بی جے پی ایم پی کا ٹوئٹ
نئی دہلی ۔ 29اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی رکن پارلیمنٹ اور دلت لیڈر ادت راج نے آج ایک ٹوئٹ کے ذریعہ سب کو حیرت میں ڈال دیا ۔ انہوں نے بتایا کہ جمائیکا کے چمپئن یوسین بولٹ کی پیدائش غریب گھرانے میں ہوئی ۔ اس کے باوجود اولمپکس میں اس نے 9گولڈ میڈلس جیتے کیونکہ ٹرینر نے انہیں دن میں دو مرتبہ بیف کھانے کا مشورہ دیا تھا ۔ نارتھ ویسٹ دہلی کے لوک سبھا رکن پارلیمنٹ نے تاہم کسی تنازعہ سے بچتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صرف بولٹ کے ٹرینر کی بات دہرائی ۔ اس کا مطلب صرف یہ ہیکہ ناسازگار حالات کے باوجود غیر معمولی مظاہرہ کیا جاسکتا ہے اور ناکامی کیلئے حالات کو مورد الزام قرار دینا درست نہیں ۔ بی جے پی کیلئے بیف ایک جذباتی مسئلہ ہے اور مختلف ریاستوں میں جہاں پارٹی کی حکومت ہے وہاں سخت قوانین نافذ کرتے ہوئے اس کی تجارت پر امتناع عائد کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بیف کا تذکرہ کرتے ہوئے وضاحت کی کہ جمائیکا یا کینیا کے مقابلہ یہاں حکومت زیادہ رقم خرچ کرتی ہے ۔