یوسف گوڑہ رحمت نگر میں پر اسرار دھماکہ

حیدرآباد ۔ /12 ڈسمبر (سیاست نیوز) یوسف گوڑہ رحمت نگر علاقہ میں آج صبح کے وقت ہوئے ایک پر اسرار دھماکہ میںدو کمسن لڑکیاں ہلاک اور ایک کمسن لڑکا شدید زخمی ہوگیا ۔ دھماکہ اس قدر طاقتور تھا کہ اس کے اثر سے مکان کی چھت اور دروازے اڑ گئے اور متوفی لڑکیاں اڑ کر مکان کے باہر گلی میں آگریں۔ دھماکہ کی آواز سے یوسف گوڑہ ‘ رحمت نگر اور جواہر نگر کے عوام میں خوف وہ راس کا ماحول پیدا ہوگیا ۔ اس سے قبل کہ پولیس جائے حادثہ پر پہونچتی مقامی افراد نے زخمیوں کو دواخانہ منتقل کردیا تھا جہاں دو لڑکیاں فوت ہوگئیں۔ تاہم دھماکہ کی وجوہات کا ہنوز پتہ نہ چل سکا اور مکان میں پکوان گیس سلینڈر اور دیگر اشیاء محفوظ تھیں ۔ دھماکہ کی اطلاع پاکر پولیس کی بھاری جمعیت اور سراغ رساں ایجنسیاں رحمت نگر ، جواہر نگرپہونچ گیئں ۔ دھماکہ میں شدید زخمی 9 سالہ کیرتی اور نرسماں 9 سال فوت ہوگیئں جبکہ 5 سالہ یوگی شدید زخمی حالت میں زیرعلاج ہے ۔ مکان باڑے میں تھا اور سارے لوگ مزدوری پر چلے گئے تھے جس کے سبب ایک بڑا سانحہ ٹل گیا ۔ مقام پر دلخراش مناظر تھے ۔ مقامی نوجوانوں نے ایمبولینس طلب کرکے زخمیوں کو دواخانہ منتقل کیا ۔ کیرتی چند گھنٹے علاج کے بعد فوت ہوگئی جبکہ نرسما اماں شام 5 بجے زخموں سے جانبر نہ ہوسکی ۔ جلیٹن اسٹک کو دھماکہ کی وجہ قرار دیا جارہا تھا تاہم ڈی سی پی ویسٹ زون نے اس کی تردید کردی ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ کچھ کیمیائی مادہ سے یہ دھماکہ ہوا جبکہ پکوان گیس سیلنڈر کی سلامتی نے ایک بڑے سانحہ کو ٹال دیا ۔ سراغ رسانی ایجنسیوں و فارنسک ٹیم نے مقام حادثہ سے شواہد اور نمونوں کو اکٹھا کرلیا ہے ۔ پولیس ذرائع نے کیمیائی مادہ ہونے کا شبہ ظاہر کیا ہے اور شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ فلموں میں استعمال ہونے والی اشیاء کے سبب دھماکہ ہوا ہوگا ۔ تاہم کسی عہدیدار نے اس کی توثیق نہیں کی ۔ یہ دھماکہ روی نارائنانامی شخص کے مکان میں پیش آیا تھا ۔ نارائنا اوراسکی بیوی ہیما مزدوری کیلئے گئے تھے اور ان کے بچے کیرتی 9 سالہ اور یوگی 5 سالہ اپنی پڑوسی لڑکی 9 سالہ نرسما اماں کے ہمراہ مکان میں تھے ۔ نرسما اماں بالایا کی بیٹی بتائی گئی ہے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔