یوسف رضا گیلانی کے مغویہ فرزند کا ویڈیو

طالبان کی حراست میں نہ ہونے کا ادعا : تاوان کی طلبی
اسلام آباد 25 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق وزیر اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی کے مغویہ فرزند کا ایک ویڈیو منظر عام پر آیا ہے اور اس ویڈیو میں اغوا کنندگان نے ان کی رہائی کیلئے دو بلین روپئے کا مطالبہ کیا ہے ۔ مسٹر یوسف رضا گیلانی کے فرزند علی حیدر گیلانی کو گذشتہ سال مئی کے مہینے میں ملتان میں انتخابی مہم کے دوران اغوا کیا گیا تھا ۔ سمجھا جاتا ہے کہ اس ویڈیو میں علی حیدر نے یہ کہا ہے کہ وہ طالبان کی تحویل میں نہیں ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ اس ویڈیو کے تعلق سے اطلاعات کا افشا وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی کچھ صحافیوں کے ساتھ غیر رسمی بات چیت کے دوران ہوا ہے ۔

وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نے بعد ازاں کہا کہ یہ ویڈیو حکومت کو روانہ نہیں کیا گیا تھا ۔ انہوں نے میڈیا سے کہا تھا کہ وہ اس مسئلہ پر اپنی نشریات کے معاملہ میں حساس رویہ اختیار کریں۔ جیو ٹی وی نے چودھری نثار علی خاں کا یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا کہ علی حیدر گیلانی کے اغوا کنندگان کا تحریک طالبان پاکستان سے کئوی تعلق نہیں ہے اور گیلانی خاندان کی جانب سے علی حیدر کی رہائی کیلئے سنجیدگی سے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ علی حیدر نے اس ویڈیو میں کہا ہے کہ اگر ان کی رہائی کو یقینی بنانے اندرون ایک ماہ اقدامات نہیں کئے گئے تو انہیں ہلاک کیا جاسکتا ہے ۔ اگسٹ 2011 میں پاکستانی صوبہ پنجاب کے آنجہانی گورنر سلمان تاثر کے فرزند شہباز تاثر کو لاہور سے اغوا کرلیا گیا تھا ۔ اغوا کے اس واقعہ کو بھی تحریک طالبان پاکستان سے منسوب کیا جارہا تھا تاہم اب علی حیدر کے تعلق سے کہا گیا ہے کہ وہ طالبان کی تحویل میں نہیں ہیں۔