یوسائن بولٹ کی تیسری مرتبہ اولمپک رسائی پر جمعرات کو فیصلہ

کنگسٹن ۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) زخمی یوسائن بولٹ کو جمعرات کو یہ معلوم ہوجائے گا کہ آیا انہیں 100 میٹر، 200 میٹر اور 4×100 ریلے میں لگاتار تیسرے اولمپک گولڈ کیلئے دوڑنے کا موقع ملے گا یا نہیں! جمائیکا کے اتھلیٹس ایڈمنسٹریشن اسوسی ایشن (جے اے اے اے) کی ایک کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو منعقد ہوگا جس میں 2008ء کے بیجنگ اور 2012ء کے لندن اولمپکس میں 100 میٹر اور 200 میٹر کی دوڑ کے علاوہ 400 میٹر ریلے کے تمام میڈلس حاصلکرنے والے یوسائن بولٹ کی طبی استثنیٰ کیلئے دی گئی درخواست پر غور کیا جائے گا۔ بولٹ نے جمعہ کو جمائیکا کے اولمپک کوالیفائنگ کے 100 میٹر فائنل سے باہر نکلتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے ہاتھ پر چوٹ آئی ہے۔ بعدازاں انہوں نے سوشیل میڈیا پر تصویریں جاری کیا تھا جس سے ظاہر ہورہا تھا کہ وہ اپنے بائیں ہاتھ پر مرہم پٹی کروا رہے ہیں۔