یوزر آئی ڈی ، پاس ورڈ کا بیجا استعمال

بینک اور انشورنس شعبہ کو احتیاط برتنے چیف ویجلنس کمیشن کا مشورہ
نئی دہلی ۔ 3 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) سنٹرل ویجلنس کمیشن نے چیف ویجلنس آفیسر کی جانب سے پبلک سیکٹر بینکس اور انشورنس کمپنیوں کے اچانک معائنوں کی تجویز پیش کی ہے تاکہ آفیسرس کے یوزر آئی ڈی اور پاس ورڈ کے بیجا استعمال کے ذریعہ دھوکہ دہی کا پتہ چلایا جاسکے۔ غیر مجاز افراد کو یہ معلومات فراہم کرتے ہوئے بڑے پیمانہ پر دھوکہ دہی کے واقعات سامنے آرہے ہیں۔ کمیشن کا یہ احساس ہے کہ کئی واقعات بینکنگ شعبہ ، انشورنس شعبہ ، سنٹرل پبلک سیکٹر انٹرپرائزس اور دیگر تنظیموں سے تعلق رکھتے ہیں جو کمپیوٹرائزڈ ماحول میں کام کر رہے ہیں۔ عہدیداروں کے اکاؤنٹس کی تفصیلات جیسے یوزر آئی ڈی اور پاس ورڈ کو غیر مجاز افراد تک رسائی مل رہی ہے اور عہدیداروں کے تبادلے، ریٹائرمنٹ، معطلی یا طویل رخصت پر جانے کے باوجود ان خفیہ معلومات کو تبدیل نہیں کیا جارہا ہے۔ کمیشن نے خاص طور پر یہ بات نوٹ کی کہ عہدیدار وقفہ وقفہ سے اپنا پاس ورڈ تبدیل نہیں کرتے ہیں۔ حالانکہ بے قاعدگیوں کو روکنے کیلئے ایسا کرنا ضروری ہے۔ کمیشن نے تمام ویجلنس آفیسرس کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ سیکوریٹی اعتبار سے خفیہ معلومات کا افشاء نہ ہونے پائے۔