یورینیم کی اہمیت

بچو! یورینیم سے ایٹمی توانائی ( طاقت ) حاصل کی جاتی ہے اور آج وہی ملک سب سے زیادہ طاقتور مانا جاتا ہے جو سب سے زیادہ ایٹمی توانائی استعمال کرنے کی اہلیت رکھتا ہو۔ ایٹمی توانائی سے تباہی اور بربادی بھی پھیلائی جاسکتی ہے اور ایک ایٹم بم سے چند سیکنڈ میں لاکھوں انسانوں کو فنا کیا جاسکتا ہے۔

اس کا تجربہ پچھلی جنگِ عظیم میں جاپان کے دو شہروں پر کیا گیا تھا، اور یہ اس قدر بھیانک تھا کہ تمام دنیا کانپ اُٹھی تھی۔ ایٹمی توانائی کا دوسرا پہلو بہت فائدہ مند ہے۔ اس سے بڑی سستی بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔ بجلی کی ضرورت روز بروز بڑھتی جارہی ہے، اور اسے گھروں میں اُجالا کرنے کے علاوہ بہت سی مشینوں کو چلانے کیلئے بھی استعمال کیا جارہا ہے۔ ایندھن کے پرانے وسیلے ختم ہوتے جارہے ہیں اور وہ دن دُور نہیں جب کوئلہ اور تیل کا ذکر صرف کہانیوں میں ملے گا۔ اس لئے ایٹمی توانائی سے بجلی پیدا کرنے اور اس بجلی کو مختلف مقاصد میں استعمال کرنے کی طرف بھرپور توجہ دی جارہی ہے۔ جن ممالک میں یورینیم خاصی مقدار میں ملتی ہے ان میں کنیڈا، جنوبی افریقہ اور روس قابلِ ذکر ہیں۔