صوفیہ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وسطی اور مشرقی یوروپ کے علاقے شدید سردی کی گرفت میں ہیں۔ گزشتہ چند دن میں بلغاریہ میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔ آج کا دن ماسکو میں سال کا سرد ترین دن تھا۔ بلغاریہ میں زبردست برفباری اور تیز رفتار آندھی سے کئی دیہاتوں میں پانی اور برقی کی سربراہی متاثر ہوئی۔ بلغاریہ کے دیہات کوویٹ میں برف کا تودا گرنے سے ایک 76 سالہ شخص ہلاک ہوگیا۔ موسم سے متعلق حادثوں میں گزشتہ دو دن کے دوران 3 دیگر افراد بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔ سڑکوں پر نقل و حرکت بند ہوگئی ہے۔ سینکڑوں اسکول بند ہوگئے۔ وسطی کروشیا میں برفباری غیرمعمولی طور پر بھاری تھی جس کی وجہ سے تمام اسکولوں کو بند کردیا گیا۔ مونٹینگرو میں زبردست برفباری کی وجہ سے سڑکوں پر آمد و رفت بند کردینی پڑی۔
پاکستان ، ہندوستان سے جامع مذاکرات کا امیدوار
واشنگٹن 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے اُمید ظاہر کی ہے کہ ہندوستان جامع مذاکرات کے احیاء کے ذریعہ تمام دیرینہ مسائل کی یکسوئی سے اتفاق کرلے گا۔ وزیراعظم پاکستان کے مشیر قومی سلامتی و خارجی اُمور سرتاج عزیز نے کہاکہ پاکستان ہندوستان کے ساتھ جامع، پائیدار اور بامعنی مذاکرات کے احیاء کا پورے خلوص کے ساتھ امیدوار ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پاکستان پڑوسی ممالک ہندوستان اور افغانستان کے ساتھ پرامن تعلقات کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ وہ بحراوقیانوس کونسل کے اجلاس میں کلیدی خطبہ دے رہے تھے۔ یہ کونسل امریکہ کے دانشوروں کی مشہور تنظیم ہے۔