یورپ میں زندگی گزارنے البغدادی کی سابقہ اہلیہ کی خواہش

لندن ،خرطوم۔ 2 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) عراق اور شام میں سرگرم انتہا پسند گروپ داعش کے خود ساختہ خلیفہ ابو بکر البغدادی کی سابق اہلیہ یورپ میں آزادانہ طور پر اپنی زندگی گزارنا چاہتی ہیں، 28 سالہ سجی الدلیمی نے سو یڈش اخبار کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ میں کسی عرب ملک میں رہنے کی بجائے یورپی ملک میں زندگی گزارنا چاہتی ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر د ہشت گرد کا لیبل لگایا جاتا ہے جبکہ میرا اس سے دور دور سے کوئی واسطہ نہیں۔ میں آزادی میں رہنا چاہتی ہوں۔ دوران انٹرویو انہوں نے اسلامی شریعت کے قوانین کی تعریف کی اور کہا کہ ان قوانین میں عورتوں کی آزادی اور حقوق کا خیال رکھا جاتا ہے۔ الدلیمی کی 7 سالہ بیٹی ہاجر کا کہنا تھا کہ وہ یورپ جاکر تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہے۔ الدلیمی کا کہنا ہے کہ ان کی پہلی شادی سابق عراقی صدر صدام حسین کے ذاتی محافظوں میں سے ایک سے ہوئی تھی جس سے ان کے دو جڑواں بچے ہیں، اس شوہر کی ہلاکت کے بعد 2008 میں انہوں نے اپنے باپ کے مشورے پر البغدادی سے شادی کر لی۔ البغدادی اس وقت عراق میں القاعدہ کی صفوں میں شامل تھے جبکہ 2010 میں انہوں نے داعش کی قیادت سنبھال لی۔ الدلیمی کے مطابق انہوں نے شادی کے صرف تین ماہ بعد البغدادی سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔