برسلز ۔ 30 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) یوکرین کے صدر پیٹرو پوروشنکو نے یورپی یونین پر زور دیا ہے کہ ان کے ملک میں روسی کارروائیوں پر ’مناسب ردعمل‘‘ کا اظہار کیا جائے۔ ہفتہ کو پوروشنکو برسلز پہنچے تھے جہاں انھوں نے یورپی یونین کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔ ان کے ایک ترجمان نے ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ ’’پوروشنکو نے اس امید کا اظہار کیا کہ یورپی یونین کے رکن ممالک کے رہنما یوکرین میں جارحیت پر مناسب ردعمل کا اظہار کریں گے‘‘۔ ان کے بقول یوکرین کی سرزمین پر روسی افواج کی مداخلت مناسب جواب کی متقاضی ہے۔ نیٹو نے روس سے کہا کہ وہ مشرقی یوکرین میں ’’غیر قانونی فوجی آپریشن‘‘ روک دے، جو کہ اس ملک میں عدم استحکام کا سبب بن رہا ہے۔ نیٹو کے سکریٹری جنرل آندرے راسموسن نے یہ بات کل برسلز میں یوکرین کے حالات سے متعلق ایک ہنگامی اجلاس کے بعد کہی۔