یوروپ کے ساتھ مذاکرات میں پیشرفت : ایران کا ادعا

تہران ۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے نائب وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہیکہ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران ایٹمی معاہدے کے بارے میں یوروپ کے ساتھ مذاکرات میں کافی پیشرفت ہوئی۔ تاہم مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکے۔ گذشتہ روز نائب وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاہدے کے بارے میں ایران کے ساتھ مذاکرات میں یوروپ کی جانب سے کافی سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ ایٹمی معاہدے کے تحت ایران کے مطالبات کی تکمیل میں یوروپ کی توانائیوں کے بارے میں تاحال مکمل اطمینان حاصل نہیں ہوسکا۔ سید عباس عراقچی نے کہاکہ یوروپ کو ایران کے مطالبات کی تکمیل کا طریقہ کار واضح کرنا ہوگا اور بتانا ہوگا کہ وہ کس طرح سے یہ کام انجام دیں گے۔ اس بارے میں مذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ سید عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران اس وقت تک ایٹمی معاہدے میں باقی رہے گا جب تک اس معاہدے کے ذریعہ ایران کے مفادات پورے کئے جاتے رہیں گے۔