یوروپی شہریوں کو برطانیہ میں قیام کی اجازت : تھریسامے

لندن ۔ 23 جون (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی وزیراعظم تھریسامے جو بریگزیٹ پر اپنے سخت موقف کیلئے جانی جاتی ہیں، نے آج برطانیہ میں رہائش پذیر یوروپی یونین کے شہریوں کو یہ تیقن دیا ہیکہ برطانیہ کے یوروپی یونین سے اخراج کے بعد بھی انہیں (یوروپی یونین شہری) برطانیہ میں سکونت اختیار کرنے کی اجازت ہوگی۔ برسلز کی ایک چوٹی کانفرنس میں کئے گئے اس اعلان کے بعد ان 3 ملین یوروپی یونین شہریوں نے یقینا راحت کی سانس لی ہوگی جو برطانیہ میں مستقل سکونت اختیار کئے ہوئے ہیں۔ ان میں 20,000 ایسے شہری بھی ہیں جن کا ہندوستان کی ریاست گوا سے تعلق ہے لیکن انہوں نے یوروپی یونین کی شہرت حاصل کرنے کیلئے اپنے پرتگیزی نسل کا حوالہ دیا تھا۔ تھریسامے نے انتخابات میں ہزیمت اٹھانے کے بعدیوروپی یونین کے تعلق سے اپنے موقف میں نرمی اختیار کرلی ہے۔