یوروپین یونین سے برطانوی علحدگی سے ہندوستانی معیشت متاثر نہیں ہوگی

بدروکا ایجوکیشنل سوسائٹی کے فاونڈیشن ڈے سے کے پدمنا بھیا کا خطاب
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : مسٹر کے پدمنا بھیا ، چیرمین کورٹ آف گورنرس ایڈمنسٹریٹیو اسٹاف کالج آف انڈیا حیدرآباد اور سابق مرکزی ہوم سکریٹری نے کہا کہ یوروپین یونین سے برطانیہ کی علحدگی سے ہندوستانی معیشت پر کوئی اثر نہیں ہوگا ۔ بدرو کا ایجوکیشنل سوسائٹی کے 67 ویں فاونڈیشن ڈے تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں ہندوستانی کمپنیوں میں 1.20 لاکھ سے زیادہ لوگ کام کرتے ہیں جب کہ یوروپین یونین کی 6.90 لاکھ ورک فورس ہندوستان میں برسرکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان کی ترقی دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے اور تمام پیش قیاسیوں میں کہا جارہا ہے کہ ہندوستان بہتر انداز میں ترقی کرے گا ۔ نریندر مودی حکومت کی جانب سے کئے جارہے کئی ایک اقدامات سے ملک کی معیشت پر اچھا اثر ہوگا اور اسکی وجہ ملک میں سرمایہ کاری کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یوروپین یونین سے برطانیہ کے باہر نکلنے سے انگلینڈ کو ہندوستان کے ساتھ تجارتی تعلقات اور بزنس کو مضبوط کرنے پر مجبور ہونا پڑے گا اور وہ ہندوستان میں اسٹاک مارکٹس میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں ۔ اس طرح بیرونی راست سرمایہ کاری میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کی توقع کی جاسکتی ہے ۔ اس موقع پر کرنل ہیمنت کمار نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بدروکا کے کیڈیٹس این سی سی اور سماجی سرگرمیوں میں بہترین ہیں ۔ اس تقریب میں چیرمین بدروکا ایجوکیشنل سوسائٹی مسٹر ہری کشن ملانی نے ایک بروچر جاری کیا ۔۔