حیدرآباد ۔ 14 ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی اور صدر یوتھ کانگریس کمیٹی مسٹر ومشی ریڈی نے کشمیر کیلئے 30 کشتیاں اور 10 لاکھ روپئے کے غذائی اجناس روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ومشی چند ریڈی نے کشمیر میں سیلاب کی تباہی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بڑے پیمانے پر مالی نقصانات ہوئے ہیں۔ 10 دن سے عوام پانی میں محصور ہیں۔ انہوں نے اس کو قومی سانحہ قرار دینے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یوتھ کانگریس مصیبت کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ ہے۔ ان کی ہر طرح سے مدد کرنے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے فوج کے جنگی خطوط پر کئے گئے اقدامات کی ستائش کی اور کہا کہ تلنگانہ یوتھ کانگریس کی جانب سے پانی میں محصور کشمیری عوام کو محفوظ مقامات کو منتقل کرنے کیلئے 30 کشتیاں اور 10 لاکھ روپئے کے غذائی اجناس روانہ کئے جائیں گے جس میں ادویات اور پینے کا پانی وغیرہ بھی شامل رہے گا۔ انہوں نے تلنگانہ کے عوام سے مصیبت زدہ کشمیری عوام کی مدد کرنے میں تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل انڈیا کانگریس کے نائب صدر و انچارج یوتھ کانگریس امور راہول گاندھی بہت جلد کشمیر کا دورہ کریں گے اور متاثرین سے ملاقات کرتے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیں گے۔ مسٹر ومشی چند ریڈی نے یوتھ کانگریس کے تمام قائدین کو کشمیری عوام کی مدد کرنے کیلئے کمربستہ ہوجانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے نئے اضلاع کے قیام کے مسئلہ پر عوامی منتخب نمائندوں کی رائے حاصل کرنے کا چیف منسٹر مسٹر چندرشیکھر راؤ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کئی مسائل سے دوچار ہے۔ لہٰذا چیف منسٹر فوری اسمبلی کا اجلاس طلب کریں اور عوامی مسائل کی یکسوئی اور ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کریں۔ نئے اضلاع کی تشکیل میں عوامی رائے حاصل کریں۔