راہول گاندھی کے خلاف ریمارک پر این ایس یو آئی کا بھی احتجاج
حیدرآباد /7 ستمبر ( سیاست نیوز ) کارگذار چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے کانگریس صدر راہول گاندھی کو مسخرہ قرار دینے کے خلاف بطور احتجاج ریاست بھر میں یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی کی جانب سے کے سی آر کے پتلے نذر آتش کئے گئے ۔ صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس انیل کمار یادو صدر تلنگانہ این ایس یو آئی بی وینکٹ کی قیادت میں یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی قائدین نے گاندھی بھون سے ایرگڈہ مینٹلہاسپٹل تک ریلی منظم کرنے کی کوشش ۔ وہیل چیر پر ایک نوجوان کو کے سی آر کا ماسک پہنا کر بٹھایا گیا اور ہاتھ میں شراب کی بوتل تھماتے ہوئے پاگل ہوجانے کا دعوی کیا ۔ اس کو ریلی میں مینٹل ہاسپٹل منتقل کرنے کی کوشش کی ۔ پولیس و یوتھ کانگریس و این ایس یو آئی قائدین میں لفظی جھڑپ ہوگئی ۔ دھکم پہل کے دوران احتجاجی قائدین نے کے سی آر کا پتلا نذر آتش کیا اور نعرے لگائے ۔ کچھ دیر کیلئے ٹریفک میں خلل پڑ گیا ۔ پولیس نے انیل کمار یادو اور بی وینکٹ کے علاوہ احتجاجی قائدین کو گرفتار کیا ۔ اس سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے انیل کمار یادو نے کہا کہ کے سی آر نفسیاتی بیمار ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے راہول گاندھی کو مسخرہ قرار دینے ولے کے سی آر کو ٹھینگہ ماسٹر قرار دیا اور کہا کہ ٹی آر ایس نے جو وعدہ کئے ان میں ایک وعدے کو بھی پورا نہیں کیا ۔ حکومت کی ترقی کو بتاکر عوام سے ووٹ مانگنے ٹی آر ایس کے پاس کچھ نہیں ہے لہذا وہ راہول گاندھی کو نشانہ بنا کر سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ مگر اس کا ا لٹا اثر ہوگا ۔ عوامی غیض و غضب کا کے سی آر کو خمیازہ بھگتنا پڑیگا ۔ انتخابات میں کانگریس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ ٹی آر ایس حکومت کی بدعنوانیوں کی تحفظات کراتے ہوئے کے سی آر خاندان کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے روانہ کرے گی ۔