ین ٹی پی سی پلانٹ حادثہ :مہلوکین کی تعداد 29 ہوگئی

را ئے بریلی / لکھنؤ 2، نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش میں رائے بریلی کے اونچاھار میں واقع نیشنل تھرمل پاور کارپوریشن (این ٹی پی سی) کی 500 میگاواٹ کی ایک یونٹ میں کل بوائلر پھٹنے کے حادثہ میں جھلسے تین اور مزید لوگوںکی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 29 ہو گئی جبکہ 60 سے زائد لوگوں کا مختلف اسپتالوں میں علاج چل رہا ہے ۔ رائے بریلی کے چیف میڈیکل افسر ڈی کے سنگھ نے یہاں بتایاکہ رائے بریلی ضلع اسپتال میں نو زخمیوں کا علاج چل رہا ہے جبکہ زخمی 55 لوگوں کو کل رات لکھنؤ کے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ھے ۔ انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں کا پوسٹ مارٹم کرایا جا رہا ہے ۔ لکھنؤ میں واقع شیاما پرساد مکھرجی (سول اسپتال) کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر آشوتوش دوبے نے بتایا کہ کل رات یہاں سنگین حالت میں جھلسے 30 لوگوں کو لایا گیا تھا جس میں ایک کومردہ حالت میں اتارا گیا جبکہ صبح 8بجے تک تین اور لوگوں نے دم توڑ دیا ۔ دیگر 24 زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں لائے گئے زخمیوں میں 50 سے 100 فیصد جھلس ہوئے ہیں ۔ اس کے علاوہ کنگ جارج میڈیکل کالج (کے جی ایم یو) کے ٹراما سینٹر کے انچارج ڈاکٹرایس این شنکھ وار نے بتایا کہ ٹراما سینٹر میں کل 12 لوگوں کو لایا گیاجس میں ایک کی موت ہو گئی جبکہ 11 کا علاج چل رہا ہے ۔