عدن ؍ نئی دہلی ، 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) القاعدہ کے عسکریت پسندوں نے جنگ زدہ یمن میں آج جنوب مشرقی شہر مکلہ کے ایک فوجی اڈے پر قبضے کرلیا، جو اب پوری طرح اُن کے کنٹرول میں آگیا ہے، ایک ملٹری عہدہ دار نے یہ بات کہی۔ اس شہر کے مکینوں کو خوف و ہراس کے عالم میں وہاں سے بھاگتے دیکھا گیا ہے۔ عہدہ دار نے کہا کہ القاعدہ نے دوپہر میں کسی مزاحمت کا سامنا کئے بغیر سکنڈ ملٹری ریجن کے ہیڈکوارٹرز کو اپنے کنٹرول میں لے لیا جبکہ ایک روز قبل انتہاپسندوں نے اسی شہر میں ایک جیل پر ہلہ کرتے ہوئے سینکڑوں قیدیوں کو آزاد کرا دیا تھا۔ اس سے پہلے وہ شہر کی بندرگاہ پر بھی قابض ہوچکے ہیں۔ دوسری طرف یمن کے دگرگوں حالات کی وجہ سے پھنس جانے والے ہندوستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ اطلاع کے مطابق انڈین ایرفورس کے طیارہ نے 155 ہندوستانیوں کو جو یمن سے جبوتی منتقل ہوگئے تھے، آج ممبئی پہنچا دیا ہے، ڈیفنس کے ذرائع نے یہ بات بتائی۔ قبل ازیں ہندوستان کو آخرکار صنعا میں اپنا طیارہ اُتارنے کی اجازت مل گئی جہاں سے وہ دو مرحلوں میں 351 شہریوں کو منتقل کرے گا، جس کے ساتھ تباہ حال ملک سے تخلیہ کرنے والوں کی جملہ تعداد لگ بھگ 1000 ہوجائے گی۔ وزارت امور خارجہ ترجمان نے کہا کہ زور و شور سے سفارتی کوششوں کے بعد ہندوستان کو صنعا میں لینڈنگ کی اجازت ملی اور ایرانڈیا نے دو پروازوں کا انتظام کرتے ہوئے 351 شہریوں کو منتقل کیا۔