ماسکو۔ 23 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی بین الاقوامی انسانی امدادی سرگرمیوں کے نگران ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ نے کہا کہ یمن کی تمام بندر گاہیں انسانی امداد اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے کھلی ہیں جبکہ الحدیدہ اور سلیف کی بندر گاہوں پر بھی تجارتی سامان ، ایندھن اور انسانی امداد ی لے کر آنے والے جہاز لنگر انداز ہورہے ہیں۔شاہی دیوان کے مشیر اور شاہ سلمان مرکز برائے ریلیف اور انسانی امدادی کام کے عمومی نگران ڈاکٹر ربیعہ نے یہ بات ماسکو میں ہفتے کے روز روس کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے ہیڈ کوارٹرز میں نیوز کانفرنس میں کہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ شاہ سلمان مرکز کے ذریعے چار براعظموں کے 39ممالک اور بالخصوص یمن میں متاثرہ اور ضرورت مند افراد کو ہر طرح کی انسانی امداد مہیا کی جارہی ہے۔اس مرکز نے اپنے قیام کے بعد سے 119 مقامی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر 257 منصوبوں پر عمل درآمد کیا ہے اور ان پر ساڑھے 89کروڑ ڈالرز لاگت آئی ہے۔