جنیوا ؍ صنعا۔ 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) یمن کے حوثی باغی جن سے حکومت کے ساتھ جنیوا میں اقوام متحدہ کی سرپرستی میں امن بات چیت میں شریک ہونے کی توقع تھی، وہ جمعہ کو بدستور صنعا میں تعینات ہیں اور اندیشے ظاہر کررہے ہیں کہ انہیں اگر یہاں سے چلے جائیں تو وطن واپس ہونے نہیں دیا جائے گا۔ اس طرح امن بات چیت تعطل کا شکار ہوتی نظر آرہی ہے کیونکہ فریقوں نے ایک دوسرے کو الٹی میٹم دیا ہے۔ حوثیوں نے باغیوں کے زیرقبضہ دارالحکومت کو چھوڑنے سے انکار کیا ہے۔ تاوقتیکہ اقوام متحدہ ان کے شرائط کی فہرست قبول کرنے جس میں ان کے وفد کی جنیوا سے صنعا کو محفوظ واپسی شامل ہیں۔ دوسری طرف یمنی حکومت نے متنبہ کیا کہ اگر حوثیوں کو بات چیت سے دلچسپی نہیں تو وہ وطن واپس ہوجائیں گے۔