یمن پر سلامتی کونسل قرارداد کی تعمیل ہوگی : پاکستان

اسلام آباد ، 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج ایسے اقدامات کا اعلان کیا کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی اس قرارداد پر عمل آوری کی جاسکے جس میں جنگ زدہ یمن میں متحارب حوثی باغیوں کیلئے اسلحہ کی ممانعت پر زور دیا گیا ہے، اور اُن کے اثاثہ جات منجمد کردینے اور اُن کے سفر پر امتناع عائد کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔ یو این سکیورٹی کونسل نے 14 اپریل کو یمن کی صورتحال کے بارے میں یو این چارٹر کے باب VII کے تحت ایک قرارداد منظور کی۔ دفتر خارجہ ترجمان نے آج کہا کہ پاکستان تمام تر اقدامات کرے گا تاکہ یمن کی صورتحال پر اقوام متحدہ سلامتی کونسل قرارداد کی دفعات کی بھرپور تعمیل کی جاسکے، جو اس کے بین الاقوامی ذمے داریوں کی مطابقت میں ہوگی۔ پاکستان کی پارلیمنٹ نے حکومت سے غیرجانبدار رہنے کیلئے کہا ہے۔