یمن میں پھنسے پاکستانی شہریوں کو لانے آج دوسرا طیارہ روانہ

اسلام آباد۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اپنے شہریوں کو جنگ زدہ یمن سے واپس لانے ایک اور طیارہ بھیج رہا ہے۔ عہدیداروں کے مطابق قبل ازیں روانہ کئے گئے پہلے طیارہ سے تقریباً 500 پاکستانی شہریوں کو یمن سے بحفاظت یہاں لایا گیا جو جنگ زدہ شہر میں پھنس گئے تھے۔ سیول ایوی ایشن اتھاریٹی کے ایک آفیسر کے مطابق طیارہ جبوتی روانہ ہوگا جہاں تقریباً 200 پاکستانیوں کو عدن سے ایک چینی بحری جہاز کے ذریعہ وہاں لایا گیا ہے اور آج رات ہی ان 200 افراد کو لے کر طیارہ کراچی پہنچے گا۔دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے بتایا کہ پاکستانی شہریوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ یمن کے مختلف علاقوں سے عدن پہنچنے کی کوشش کریں جہاں سے انہیں ایک چینی بحری جہاز کے ذریعہ جبوتی لایا جائے گا۔ پاکستان نے ایتھوپیا میں موجود اپنے سفیر کو ہدایت کی ہیکہ جبوتی میں ایک خصوصی کیمپ آفس کھولا جائے تاکہ بحران سے دوچار پاکستانیوں کی پذیرائی کرتے ہوئے ان کے قیام و طعام اور وطن واپسی کا انتظام کیا جاسکے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم نواز شریف نے بھی متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ بحران سے متاثر پاکستانی شہریوں کو یمن سے بحفاظت پاکستان لایا جائے۔