اسلام آباد 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے سعودی زیر قیادت اتحاد کو جو یمن میں باغیوں کے خلاف برسر پیکار ہے، فوجی مدد دینے کا ہنوز کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے آج کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی علاقائی یکجہتی کے تحفظ کا پابند عہد ہے، لیکن ہم نے جاری جنگ میں شرکت کا ہنوز کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ ہم کوئی تیقن نہیں دے سکتے، ہم نے سعودی زیر قیادت اتحاد کی یمن میں فوجی تائید کا کوئی عہد نہیں کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم اس تنازعہ میں الجھنا نہیں چاہتے، جس سے عالم اسلام میں اختلافات پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔ فرضی خطوط پاکستان میں پیش کئے گئے ہیں اور یہ ایک پریشان کن بات ہے۔ اس کے نتائج پاکستان کو بھگتنے ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان صورت حال کا جائزہ لے رہا ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعہ جنگ روکی جاسکے۔ پاکستان جو بھی ضروری کردار ہو، ادا کرنے کے لئے تیار ہے، تاکہ عالم اسلام میں باہمی جھڑپوں کا خاتمہ کرنے میں سہولت ہوسکے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ایک وفد سعودی عرب روانہ کرنے والا تھا، تاکہ مملکت کی فوجی ضروریات کا تخمینہ کرسکے، لیکن اس کی روانگی ملتوی کردی گئی ہے، کیونکہ باوقار عرب لیگ کا ایک اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ پاکستان کو خوشی ہوگی اگر مسائل علاقائی سطح پر ہی حل کرلئے جائیں۔