یمن : لکڑبھگا دوران فون نہتے شخص کو کھا گیا

ریما ، 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) یمن کے شمالی صوبہ ریما میں ایک شخص اپنی بیوی سے فون پر گفتگو کے دوران اپنی جان ہی گنوا بیٹھا جب اس کو آدم خور لکڑبھگا چیر پھاڑ کر کھا گیا ۔ یمنی پولیس کے مطابق مقتول پچاس سال کا تھا۔ وہ اپنی بیوی کو فون پر اس جنگلی جانور کے حملے میں بچ نکلنے کے بعد اپنا احوال بتا رہا تھا اور یہ بھی بتا رہا تھا کہ وہ کیسے اس لکڑ بھگے کے سامنے کھڑا تھا۔ ساتھ ہی اس نے خبردار بھی کیا تھا کہ وہ شاید بحفاظت گھر نہ پہنچ سکے۔ مقتول کے ایک عزیز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وہ ابھی فون پر اپنی اہلیہ سے بات کر ہی رہا تھا کہ لکڑ بھگے نے ایک مرتبہ پھر اس پر حملہ کیا اور اس کے جسم کو نوچنا اور چیرنا پھاڑنا شروع کر دیا۔