یمن سے ہندوستانیوں کی انخلا مہم

نئی دہلی۔ 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے شورش زدہ ملک یمن سے اپنے شہریوں کے انخلا کے آغاز کا اعلان کیا جب اس کو مقامی حکام نے صنعاء سے روزانہ تین گھنٹے کے دوران پرواز کی اجازت دے دی۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے براہ جبوتی گزشتہ روز 80 ہندوستانیوں کی واپسی کے دوسرے دن آج کہا کہ ہمیں صنعاء سے یومیہ تین گھنٹے کی اجازت حاصل ہوگئی ہے۔ ہم اس وقت کو اپنے شہریوں کے انخلاء کیلئے استعمال کریں گے‘‘۔ سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت ِ ہند اپنے شہریوں کو واپس لانے کیلئے ایرانڈیا کی پروازوں کا پروگرام مرتب کرے گی۔ سشما سوراج نے ٹوئٹر پر یہ بھی لکھا کہ ہندوستان 1500 مسافرین کی گنجائش والے ایک سمندری جہاز کی یمن کو روانگی پر غور کررہی ہے۔ یمن کی صورتِ حال پر نظر رکھنے کیلئے وزارت خارجہ میں ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ یمن میں 3500 ہندوستانی مقیم ہیں۔