یمن سے مزید 800 ہندوستانیوں کا تخلیہ

نئی دہلی ؍ اسلام آباد ، 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) تقریباً 800 ہندوستانیوں کا لڑائی سے بدحال یمن سے آج تخلیہ کرایا گیا، جہاں کی صورتحال متحارب گروپوں کے درمیان داخلی کشاکش میں شدت کے سبب نمایاں طور پر ابتر ہوچلی ہے۔ آج کے تخلیے کے ساتھ ہندوستان نے ابھی تک اپنے 1,800 شہریوں کو اس ملک سے نکال لیا ہے۔ مملکتی وزیر برائے امور خارجہ وی کے سنگھ جو تخلیہ کے اس بڑے آپریشن کی جبوتی سے نگرانی کررہے ہیں، وہ صنعا بھی گئے تھے، جو سب سے بڑا یمنی شہر اور دارالحکومت ہے جہاں سے ایرانڈیا نے لینڈنگ کی اجازت ملنے کے بعد ہندوستانیوں کو منتقل کیا ہے۔ وی کے سنگھ آج جبوتی واپس ہوگئے۔ دریں اثناء بحریہ کا جہاز آئی این ایس ممبئی جسے ہندوستانیوں کے تخلیہ کیلئے عدن کو بھیجا گیا ، وہ اس یمنی شہر میں بھاری شل باری کے سبب بندرگاہ پر لنگرانداز نہ ہوسکا اور لوگوں کو اس جہاز تک پہنچانے کیلئے چھوٹی کشتیاں استعمال کی گئیں۔ وزیر امور خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ عدن میں بھاری شل باری ہورہی ہے۔ جہاز کو ساحل سے 5 تا 6 کیلومیٹر دور روکا گیا۔ ہندوستانی شہریوں کو وہاں تک کشتی در کشتی لیجایا جارہا ہے۔ اسلام آباد کی اطلاع کے بموجب پاکستان نے آج کہا کہ اس نے یمن کے جنوب مشرقی شہر مکلہ سے 148 پاکستانی شہریوں کے ہمراہ 11 ہندوستانیوں کا بھی تخلیہ کرایا ہے جبکہ یہ شہر اب لگ بھگ پوری طرح القاعدہ عسکریت پسندوں کے کنٹرول میں آچکا ہے۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ پی این ایس اسلات 148 پاکستانیوں اور 35 بیرونی شہریوںبشمول 11 ہندوستانیوں کو لے کر یمنی شہر سے روانہ ہوگیا۔