یمن: باغیوں، حکومت کے درمیان امن معاہدہ

صنعا ،22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) یمن میں حوثی باغیوں اور حکومت کے درمیان 9 نکاتی امن معاہدہ طے پاگیا ہے۔ معاہدے کے تحت باغیوں نے تمام سرکاری عمارتوں سے قبضہ ختم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے، جس کے جواب میں انہیں آئین میں مجوزہ ترمیم میں کچھ مراعات حاصل ہوں گی، جبکہ حکومت کو یمن کو 6 وفاقی حصوں میں تقسیم کرنے کا اختیار مل جائے گا۔ معاہدے میں یہ شرط بھی رکھی گئی ہے کہ آئین میں مجوزہ ترمیم پر تمام فریقین کا متفق ہونا لازمی ہوگا اور یمن کو وفاقی مملکت کا درجہ حاصل ہوگا۔ معاہدے کے تحت حوثی باغیوں کو سرکاری عہدوں پر بھی تعینات کیا جائے گا۔دو روز قبل دارالحکومت صنعا پر قبضہ کرنے کے بعد حوثی باغیوں نے یمنی صدر اور ان کے عملے کو قصر صدارت میں یرغمال بنالیا تھا۔ حوثی باغیوں نے آئین میں ترمیم کے صدر ہادی کے منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے انھیں اس اقدام سے باز رہنے کا کہا تھا۔